پاک–افغان سرحد پر کشیدگی کے تناظر میں خیبر پختونخوا کے عوام نے پاک فوج کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی افغان جارحیت کا منہ توڑ جواب دیا جائے گا اور پاکستان کی خودمختاری پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا۔
شہریوں نے کہا کہ روس کے افغانستان پر حملے کے وقت پاکستان نے افغان عوام کا بھرپور ساتھ دیا اور ان کی ہر ممکن مدد کی۔ عوام کے مطابق پاکستان نے لاکھوں افغان مہاجرین کو پناہ دی اور قبائلی علاقوں، خیبر پختونخوا، پنجاب اور سندھ میں افغان شہریوں کو رہائش فراہم کی گئی۔
خیبر پختونخوا کے عوام کا کہنا ہے کہ پاکستان کلمہ کی بنیاد پر قائم ہوا ہے اور اسے شکست دینا ناممکن ہے۔ انہوں نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ پاک فوج ہر بیرونی جارحیت کا جواب دینے کی مکمل صلاحیت رکھتی ہے اور دشمن کو ہر محاذ پر مؤثر اور منہ توڑ جواب دیا جائے گا۔
عوام نے مزید کہا کہ افغان ہمارے پشتون بھائی ہیں اور انہیں چاہیے کہ پشتون روایات کا خیال رکھیں۔ ان کا کہنا تھا کہ پاکستان کی خودمختاری اور سلامتی پر کسی قسم کا سمجھوتہ قبول نہیں کیا جائے گا۔