مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستان سے متحدہ عرب امارات، بحرین، کویت، قطر اور دیگر خلیجی ممالک جانے والی پروازوں کی منسوخی کا سلسلہ بدستور جاری ہے اور آج بھی مجموعی طور پر 116 پروازیں منسوخ کر دی گئیں، جس کے باعث ہزاروں مسافر متاثر ہوئے۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق سب سے زیادہ منسوخیاں جناح انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے ہوئیں جہاں دبئی، ابو ظبی، دوحہ، شارجہ، کویت اور بحرین جانے والی 32 پروازیں آپریٹ نہ ہو سکیں۔ اسی طرح اسلام آباد انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، ابو ظبی، دوحہ، بحرین، کویت اور شارجہ سمیت مختلف مقامات کی 28 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
علامہ اقبال انٹرنیشنل ایئرپورٹ لاہور پر دبئی، ابو ظبی، قطر، کویت اور بحرین کی 20 پروازیں منسوخ ہوئیں، جبکہ باچا خان انٹرنیشنل ایئرپورٹ پشاور سے دبئی، شارجہ، قطر اور ابو ظبی کی 16 پروازیں آپریٹ نہ ہو سکیں۔ اسی طرح ملتان انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے دبئی، شارجہ، راس الخیمہ، بحرین، دوحہ اور کویت کی 10 پروازیں منسوخ کی گئیں۔
یہ بھی پڑھیں:بینظیر کفالت پروگرام کی امدادی رقم بڑھا دی گئی،کتنا اضافہ ہوا ،تفصیلات جانیے

