امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کہا ہے کہ امریکا کے پاس درمیانے اور اعلیٰ درجے کے ہتھیاروں کا وافر اور مؤثر ذخیرہ موجود ہے، جو ملکی دفاع کو مضبوط بنانے کے لیے کافی ہے۔ انہوں نے دعویٰ کیا کہ امریکا کے اسلحہ ذخائر اس وقت ماضی کے کسی بھی دور کے مقابلے میں بہتر اور زیادہ مؤثر حالت میں ہیں۔
ایک بیان میں صدر ٹرمپ کا کہنا تھا کہ انہیں بریفنگ دی گئی ہے کہ امریکا کے میڈیم اور اپر میڈیم درجے کے ہتھیار نہ صرف بڑی تعداد میں موجود ہیں بلکہ ان کی تیاری، معیار اور آپریشنل استعداد بھی اعلیٰ سطح پر ہے۔ ان کے مطابق یہی ذخائر کسی بھی ممکنہ طویل جنگی صورتحال میں امریکا کو برتری دلانے کے لیے کافی ہوں گے۔
یہ بھی پڑھیں:پاکستان سے عرب ممالک جانیوالے مسافروں کیلئے آج کی پروازوں کی صورتحال
صدر ٹرمپ نے مزید کہا کہ امریکی ہتھیار دیگر ممالک کے جدید ترین اسلحے سے بھی بہتر ہیں اور امریکا کے پاس ایڈیشنل ہائی گریڈ ویپنز کے بھی مناسب ذخائر موجود ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ جدید ٹیکنالوجی اور دفاعی تیاریوں کے باعث امریکا کسی بھی چیلنج کا مؤثر جواب دینے کی صلاحیت رکھتا ہے۔
سیاسی و دفاعی تجزیہ کاروں کے مطابق صدر کا یہ بیان ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب عالمی سطح پر سکیورٹی خدشات اور علاقائی تنازعات میں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔ ماہرین کا کہنا ہے کہ اس نوعیت کے بیانات کا مقصد داخلی سطح پر دفاعی اعتماد کو مضبوط کرنا اور عالمی سطح پر پیغام دینا ہو سکتا ہے کہ امریکا اپنی عسکری صلاحیتوں کے حوالے سے پُراعتماد ہے۔
دوسری جانب ناقدین کا کہنا ہے کہ عالمی امن کے تناظر میں اسلحہ کے ذخائر اور عسکری طاقت کے حوالے سے بیانات کے ساتھ ساتھ سفارتی کوششوں کو بھی ترجیح دی جانی چاہیے تاکہ ممکنہ تنازعات کو بات چیت کے ذریعے حل کیا جا سکے۔