حکومت نے گیس کی قیمت میں کمی کا باقاعدہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے، جس کے تحت ایل پی جی کی فی کلو گرام قیمت میں 21 پیسے کمی کر دی گئی ہے، نوٹیفکیشن کے مطابق نئی قیمتوں کا اطلاق یکم مارچ سے ہو چکا ہے اور یہ فیصلہ فوری طور پر نافذ العمل ہے۔
سرکاری اعلامیے کے مطابق گھریلو استعمال کے سلنڈر کی قیمت میں 2 روپے 52 پیسے کی کمی کی گئی ہے، اس کمی کے بعد گھریلو سلنڈر کی نئی قیمت 2664 روپے 88 پیسے مقرر کی گئی ہے۔
اس سے قبل فروری کے مہینے میں گھریلو سلنڈر کی قیمت 2667 روپے 40 پیسے مقرر تھی، یوں نئی قیمت میں معمولی فرق سامنے آیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں :گھریلو ایل پی جی سلنڈر کی قیمت میں ہوشربا اضافہ
حکام کے مطابق قیمتوں میں کی گئی یہ کمی عالمی اور مقامی سطح پر قیمتوں کے تعین کے طریقہ کار کے تحت کی گئی ہے، اگرچہ کمی کی شرح زیادہ نہیں ہے، تاہم اس سے صارفین کو کچھ نہ کچھ ریلیف ضرور ملے گا۔
توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ ایل پی جی کی قیمتوں میں معمولی کمی گھریلو صارفین کے ماہانہ اخراجات پر محدود اثر ڈالے گی، تاہم موجودہ مہنگائی کے تناظر میں کسی بھی سطح پر کمی کو مثبت پیش رفت قرار دیا جا سکتا ہے۔

