وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے امن معاہدے کے تناظر میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کو خراج تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہوں نے ایک بار پھر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوا دیا۔ سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں محسن نقوی کا کہنا تھا کہ فیلڈ مارشل سید عاصم منیر نے اس مرتبہ نہ صرف پاکستان بلکہ عالمی امن کے لیے بھی اہم کردار ادا کیا ہے۔
قطر کا خیر مقدم
دوسری جانب معاہدے کے اعلان کے بعد مختلف ممالک کی قیادت اور عالمی شخصیات کی جانب سے بھی پاکستان کی سفارتی کاوشوں کو سراہا جا رہا ہے۔ قطر کے وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبدالرحمن آل ثانی نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والی مفاہمتی یادداشت کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ یہ پیش رفت خطے میں استحکام اور امن کے فروغ کے لیے مثبت قدم ہے۔
یہ بھی پڑھیں : امریکہ ایران معاہدے کے بعد سوشل میڈیا پر فیلڈ مارشل عاصم منیر کے چرچے، Field Marshal Real Peacemaker ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
اپنے بیان میں انہوں نے پاکستان سمیت تمام علاقائی اور بین الاقوامی فریقوں کا شکریہ ادا کیا جنہوں نے مذاکرات کے لیے سازگار ماحول پیدا کرنے اور فریقین کو مفاہمت کی جانب لانے میں کردار ادا کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ امید ہے آئندہ مذاکرات بھی مثبت اور تعمیری انداز میں آگے بڑھیں گے تاکہ حاصل ہونے والی پیش رفت کو مزید مستحکم بنایا جا سکے۔
قطری وزیراعظم نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ ان کا ملک مستقبل میں بھی مکالمے، سفارت کاری اور پرامن ذرائع کے ذریعے علاقائی اور عالمی سطح پر امن و استحکام کے فروغ کی ہر کوشش کی حمایت جاری رکھے گا۔
یہ بھی پڑھیں :امریکہ ایران امن معاہدہ ،شہباز شریف کے ٹویٹ پر 30 لاکھ سے زائد ویوز، ٹاپ ٹرینڈ بن گیا
برطانیہ کا رد عمل
ادھر برطانوی وزیراعظم کیئر سٹارمر نے بھی معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ برطانیہ امریکا اور ایران کے درمیان شروع ہونے والے تکنیکی مذاکرات میں معاونت کے لیے تیار ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ اب تمام فریقوں کی توجہ مفاہمتی یادداشت پر مکمل عملدرآمد، آبی گزرگاہوں کی بحالی اور مستقل امن کے قیام پر مرکوز ہونی چاہیے۔
کیئر سٹارمر نے کہا کہ آبنائے ہرمز میں آزاد اور بلا رکاوٹ بحری آمدورفت کی بحالی عالمی تجارت اور توانائی کی منڈیوں کے لیے نہایت اہم ہے، اس لیے اس بات کو یقینی بنایا جانا چاہیے کہ یہ راستہ مستقل طور پر کھلا رہے۔
فرانس کے صدر ایمانوئل میکرون نے امریکا اور ایران کے درمیان طے پانے والے معاہدے کا خیرمقدم کرتے ہوئے اسے خطے میں کشیدگی کم کرنے کی جانب اہم پیش رفت قرار دیا ہے۔ انہوں نے زور دیا کہ آبنائے ہرمز کو فوری طور پر اور بغیر کسی شرط کے بحری آمدورفت کے لیے مکمل طور پر کھول دیا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں :ایران کے ساتھ معاہدہ مکمل ہوچکا ، ٹرمپ کا آبنائے ہرمز کی ناکہ بندی ختم کرنے کا اعلان

