وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں ٹرانسپورٹ سے متعلق ضلعی انتظامیہ نے اہم اعلان کرتے ہوئے پبلک اور گڈز ٹرانسپورٹ کو داخلے کی اجازت دے دی ہے، جبکہ فیض آباد کے علاوہ تمام بس اڈے کھول دیے گئے ہیں۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق فیض آباد بس ٹرمینل کو تاحکمِ ثانی بند رکھا جائے گا۔ اس کے ساتھ ہی کاروباری اوقات میں تبدیلی کا نوٹیفکیشن بھی جاری کر دیا گیا ہے۔
نوٹیفکیشن کے تحت اسلام آباد میں تمام دکانیں، بازار اور شاپنگ مالز رات 8 بجے بند ہوں گے، تاہم فارمیسیز، اسپتال، پیٹرول پمپس، سی این جی اسٹیشنز اور ڈیری شاپس کو اس پابندی سے مستثنیٰ قرار دیا گیا ہے۔
مزید برآں ریسٹورنٹس، تندور، گروسری اسٹورز اور دیگر فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک بند کرنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ ہوم ڈیلیوری اور ٹیک اوے سروسز پر کسی قسم کی وقت کی پابندی نہیں ہوگی۔
ضلعی انتظامیہ کے مطابق شادی ہالز، مارکیٹس اور تقریبات کے مقامات بھی رات 10 بجے بند کرنا ہوں گے، جبکہ کھیلوں کی سہولیات، کلبز اور جمز کے لیے بھی یہی وقت مقرر کیا گیا ہے۔
انتظامیہ کا کہنا ہے کہ نئے کاروباری اوقات اگلے احکامات تک نافذ العمل رہیں گے اور عوام و تاجر برادری سے ان ہدایات پر عملدرآمد کی اپیل کی گئی ہے۔