پاکستان اور بنگلہ دیش کے درمیان تین میچوں پر مشتمل ون ڈے انٹرنیشنل سیریز کا پہلا میچ آج ڈھاکا میں کھیلا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق میچ کا آغاز پاکستانی وقت کے مطابق دوپہر 1بج کر 15 منٹ پر ہوگا، پہلے ون ڈے میچ میں پاکستان کی جانب سے تین کھلاڑی ڈیبیو کریں گے جن میں صاحبزادہ فرحان، معاذ صداقت اور شمائل حسین اپنے کیریئر کا پہلا ون ڈے میچ کھیلیں گے جبکہ صاحبزادہ فرحان ٹی ٹوئنٹی ورلڈ کپ میں بھی ٹاپ سکورر رہ چکے ہیں۔
سیریز کا دوسرا اور تیسرا میچ 13 اور 15 مارچ کو ہوگا، سیریز کے تمام میچز ڈھاکا کے معروف شیر بنگلا نیشنل کرکٹ سٹیڈیم میں کھیلے جائیں گے۔
دوسری جانب پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے بنگلہ دیش کے خلاف سیریز کے لیے منتخب کی گئی نئی کھلاڑیوں پر مشتمل ٹیم پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے۔
ہیڈکوچ کا کہنا ہے کہ سکواڈ میں شامل نوجوان کھلاڑیوں نے پاکستان شاہینز اور ڈومیسٹک کرکٹ میں عمدہ کارکردگی دکھا کر قومی ٹیم میں جگہ بنائی ہے اور انہیں امید ہے کہ یہ کھلاڑی بین الاقوامی سطح پر بھی اچھی کارکردگی دکھائیں گے۔
مائیک ہیسن کا کہنا ہے کہ بنگلہ دیش کی کنڈیشنز میں کھیلنا ہمیشہ آسان نہیں ہوتا، اس لیے ٹیم کو جلد از جلد مقامی پچ اور موسم کے مطابق خود کو ڈھالنا ہوگا تاکہ میزبان ٹیم کو اس کی سرزمین پر سخت مقابلہ دیا جا سکے۔
دورہ بنگلہ دیش کے لیے پاکستان کے 15 رکنی سکواڈ کی قیادت شاہین شاہ آفریدی کر رہے ہیں ، قومی سکواڈ میں عبدالصمد، ابرار احمد، فہیم اشرف، فیصل اکرم، حارث رؤف، حسین طلعت اور معاذ صداقت شامل ہیں۔
اس کے علاوہ محمد رضوان، محمد وسیم جونیئر، محمد غازی غوری، سعد مسعود، صاحبزادہ فرحان، سلمان علی آغا اور شمائل حسین بھی سکواڈ کا حصہ ہیں۔