بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت کفالت پروگرام کی رقم میں اضافے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔
چیئرپرسن بینظیر انکم سپورٹ پروگرام سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی کے مستحقین کے لیے خوشخبری سناتے ہوئے اس حوالے سے خصوصی ویڈیو پیغام جاری کیا۔
سینیٹر روبینہ خالد نے بی آئی ایس پی بینیفشریز کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اس سہ ماہی سے بینظیر کفالت پروگرام کی رقم 13 ہزار 500 روپے سے بڑھا کر 14 ہزار 500 روپے کر دی گئی ہے۔ انہوں نے مستحقین کو ہدایت کی کہ وہ اپنی قسط 14 ہزار 500 روپے گن کر وصول کریں۔
کٹوتی کی شکایت درج کروانے کا طریقہ
اگر بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحت آپ کو وظیفے کی رقم کم مل رہی ہے تو اس کی شکایت آسانی سے درج کروائی جا سکتی ہے۔ اس مقصد کے لیے مستحقین بی آئی ایس پی کے قریبی تحصیل آفس جائیں اور اسسٹنٹ ڈائریکٹر یا متعلقہ ذمہ دار کو وظیفے میں کٹوتی سے آگاہ کریں، جس کے بعد شکایت برائے خردبرد فارم طلب کیا جائے۔
فارم پر اپنا نام، شناختی کارڈ نمبر، موبائل نمبر، رقم وصولی کی جگہ اور کٹوتی کی تفصیلات درج کرنا ضروری ہوگا۔
اس کے بعد درج کردہ شکایت کی جانچ پڑتال کی جائے گی۔ شکایت درست ثابت ہونے پر متعلقہ بینک کو رقم سے کٹوتی کرنے والے ایجنٹ کے خلاف قانونی کارروائی کی ہدایت کی جائے گی۔ کارروائی مکمل ہونے کے بعد کاٹی گئی رقم مستحق کو واپس کر دی جائے گی۔
علاوہ ازیں کسی بھی قسم کی شکایت کی صورت میں ہیلپ لائن نمبر 0800-26477 پر بھی رابطہ کیا جا سکتا ہے۔
شکایت درج کروانے کے لیے بینظیر انکم سپورٹ پروگرام کے تحصیل آفس جاتے وقت اپنا اصلی شناختی کارڈ اور موبائل نمبر ساتھ لے جانا ضروری ہے۔ اگر کوئی مستحق شکایت فارم خود نہیں بھر سکتا تو وہ دفتر میں موجود عملے سے مدد بھی حاصل کر سکتا ہے۔