پاسپورٹ دفاتر کتنے روز کھلیں گے ؟ اہم فیصلہ سامنے آگیا

پاسپورٹ دفاتر کتنے روز کھلیں گے ؟ اہم فیصلہ سامنے آگیا

ڈائریکٹوریٹ جنرل آف امیگریشن اینڈ پاسپورٹ نے عوام کی سہولت کو مدنظر رکھتے ہوئے پاسپورٹ دفاتر کے اوقات کار سے متعلق ایک اہم فیصلہ کیا ہے۔

تفصیلات کے مطابق ملک بھر میں پاسپورٹ آفس کے تمام فیلڈ فارمیشنز اور دفاتر اب ہفتے میں پانچ دن کھلے رہیں گے ، اس فیصلے کے بعد پاسپورٹ دفاتر پیر سے جمعہ تک معمول کے مطابق عوام کو خدمات فراہم کریں گے۔

یاد رہے کہ اس سے قبل ایک پبلک نوٹس کے ذریعے اعلان کیا گیا تھا کہ پاسپورٹ دفاتر ہفتے میں صرف چار دن کھلے رہیں گے،  اس فیصلے کا مقصد حکومتی کفایت شعاری مہم کے تحت توانائی کے استعمال کو کم کرنا تھا  تاہم عوامی ضروریات اور پاسپورٹ کے حصول کے لیے بڑھتی ہوئی درخواستوں کو مدنظر رکھتے ہوئے اب اس فیصلے پر نظرثانی کی گئی ہے۔

نئے فیصلے سے شہریوں کو پاسپورٹ کے حصول، تجدید اور دیگر متعلقہ امور کے لیے مزید سہولت میسر آئے گی، اس اقدام سے خاص طور پر ان افراد کو فائدہ ہوگا جو روزگار، تعلیم یا دیگر ضروریات کے باعث بیرونِ ملک سفر کے لیے پاسپورٹ حاصل کرنا چاہتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : پاسپورٹ بنوانے کے خواہشمند شہریوں کیلئے بڑی خوشخبری آگئی

یہاں یہ بات بھی قابل ذکر ہے کہ مشرق وسطیٰ میں کشیدہ صورتحال کے پیش نظر وزیراعظم کی جانب سے پہلے ایک کفایت شعاری پلان کا اعلان کیا گیا تھا،  اس منصوبے کے تحت توانائی کے ممکنہ بحران سے نمٹنے کے لیے مختلف سرکاری اداروں میں ہفتے میں چار دن کام کرنے اور پچاس فیصد ملازمین کو ورک فرام ہوم کی سہولت دینے کا فیصلہ کیا گیا تھا۔

تاہم پاسپورٹ دفاتر کے حوالے سے تازہ اعلان اس بات کی عکاسی کرتا ہے کہ حکومت عوام کو درپیش مسائل اور ضروریات کو مدنظر رکھتے ہوئے اپنے فیصلوں میں لچک پیدا کر رہی ہے۔

اس اقدام سے پاسپورٹ خدمات کی فراہمی مزید بہتر ہونے کے ساتھ ساتھ شہریوں کو بروقت سہولت فراہم کرنے میں بھی مدد ملے گی۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *