ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ واشنگٹن سارہ یاگر کا کہنا ہے امریکا کی جانب سے ایران میں سکول پر حملے سے جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی۔
سارہ یاگر نے کہنا تھا کہ امریکی فوج کی جانب سے ایران کے اسکول پر حملے کی تحقیقات کے نتائج ظاہر کرتے ہیں کہ جنگی قوانین کی خلاف ورزی ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ اگر حملہ کرنے والوں نے جان بوجھ کر بچوں سے بھرے اسکول کو نشانہ نہ بھی بنایا ہو تو اسے غلطی قرار دے کر نظر انداز نہیں کیا جا سکتا۔
ڈائریکٹر ہیومن رائٹس واچ کا کہنا تھا کہ امریکی فوج پر یہ ذمہ داری عائد ہوتی ہے کہ وہ شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے تمام ممکنہ احتیاطی تدابیر اختیار کرتی جو کہ اس معاملے میں نہیں کی گئیں۔
سارہ یاگر نے مزید کہا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق ایران کے شہر مناب میں لڑکیوں کے اسکول پر میزائل حملہ ممکنہ طور پر امریکی فوج کی جانب سے ہوا، تنازعات کے دوران شہریوں کو نقصان سے بچانے کے لیے امریکی فوج میں اصلاحات اور جوابدہی کی ضرورت ہے۔
قبل ازیں امریکی اخبار نے ایران میں بچیوں کے اسکول پر حملے کا ذمہ دار امریکا کو ٹھہرایا تھا ۔
جنوبی ایران کے شہر میناب میں 28 فروری کو ایک اسکول پر ہونے والا حملہ ایران پر امریکی اور اسرائیلی حملوں میں شہری ہلاکتوں کا اب تک کا سب سے مہلک واقعہ قرار دیا جا رہا ہے جس میں 175 طلبہ شہید ہوئے۔