برطانیہ، فرانس اور آسٹریا میں مقیم پاکستانیوں نے معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ بھرپور جوش و جذبے کے ساتھ منائی اور افواجِ پاکستان کو زبردست خراجِ تحسین پیش کیا، مختلف شہروں میں منعقدہ تقریبات میں پاکستانی کمیونٹی کی بڑی تعداد نے شرکت کرتے ہوئے قومی یکجہتی اور وطن سے محبت کا اظہار کیا۔
لندن میں پاکستان ہائی کمیشن کے زیرِ اہتمام معرکہ حق کی پہلی سالگرہ کے موقع پر ایک باوقار تقریب کا انعقاد کیا گیا، تقریب میں برطانوی پارلیمنٹ کے اراکین، پاکستانی نژاد کونسلرز، کاروباری شخصیات، ہائی کمیشن حکام، ذرائع ابلاغ کے نمائندوں اور پاکستانی برادری نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔
قائم مقام ہائی کمشنر حسیب بن عزیز نے اپنے خطاب میں کہا کہ یہ تقریب پاکستان کی مسلح افواج کی خدمات اور قربانیوں کو خراجِ تحسین پیش کرنے کے لیے منعقد کی گئی،انہوں نے کہا کہ معرکۂ حق کے دوران افواجِ پاکستان نے فوری، مؤثر اور فیصلہ کن ردعمل دیتے ہوئے ملکی خودمختاری اور وقار کا کامیاب دفاع کیا۔
ڈیفنس اور نیول ایڈوائزر کموڈور جواد خواجہ جبکہ آرمی و ایئر ایڈوائزر کرنل محسن وقار نے اپنے خطابات میں کہا کہ پاکستان کی دفاعی افواج نے اتحاد، مہارت اور پیشہ ورانہ صلاحیت کے ذریعے دشمن کے عزائم کو ناکام بنایا۔
پریس منسٹر علی نواز ملک نے کہا کہ پاکستان ہائی کمیشن نے برطانوی ذرائع ابلاغ تک درست معلومات پہنچانے اور گمراہ کن بیانیے کا مؤثر جواب دینے میں اہم کردار ادا کیا،ادھر پیرس میں بھی معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے سلسلے میں ایک شاندار تقریب منعقد ہوئی جس کا اہتمام مسلم لیگ ن کے رہنما سردار ظہور اقبال نے کیا۔
تقریب میں پاکستان سے آئے صحافیوں، پاکستانی سفارتخانے کے نمائندوں، ملٹری اتاشی، پریس کونسلر، سول حکام اور پاکستانی کمیونٹی کے افراد نے بھرپور شرکت کی،تقریب کے شرکاء نے پاکستان کی مسلح افواج، سیاسی قیادت اور عوام کے اتحاد کو سراہتے ہوئے کہا کہ قومی یکجہتی نے ملک کی خودمختاری کے تحفظ میں نمایاں کردار ادا کیا، اس موقع پر فیلڈ مارشل عاصم منیر، وزیراعظم شہباز شریف اور نائب وزیراعظم اسحاق ڈار کی خدمات کو بھی خراجِ تحسین پیش کیا گیا۔
شرکاء نے اس عزم کا اظہار کیا کہ معرکۂ حق کا جذبہ آئندہ بھی پاکستان کو مزید مضبوط، متحد اور مستحکم بنانے میں مددگار ثابت ہوگا، اس موقع پر اس بات پر اتفاق کیا گیا کہ قومی اتحاد، افواجِ پاکستان کی قربانیاں اور بیرونِ ملک پاکستانیوں کی حمایت نے ملکی خودمختاری کے دفاع میں کلیدی کردار ادا کیا۔
ویانا میں بھی سفارتخانہ پاکستان کے زیرِ اہتمام معرکۂ حق کی پہلی سالگرہ کے حوالے سے خصوصی تقریب منعقد کی گئی، جس میں آسٹریا میں مقیم پاکستانیوں اور ان کے اہلِ خانہ نے شرکت کی، تقریب کے دوران معرکۂ حق سے متعلق ایک مختصر دستاویزی فلم بھی دکھائی گئی جبکہ بعد ازاں شرکاء کی تواضع کا بھی اہتمام کیا گیا۔