این ڈی ایم اے کا موسمی الرٹ، ملک بھر میں بارش، آندھی، ژالہ باری کا امکان

این ڈی ایم اے کا موسمی الرٹ، ملک بھر میں بارش، آندھی، ژالہ باری کا امکان

نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی ایم اے) نے 13 سے 17 مئی کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں ممکنہ شدید موسمی صورتحال کے حوالے سے الرٹ جاری کر دیا ہے۔

نجی ٹی وی کی رپورٹ کے مطابق پنجاب، سندھ، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں آئندہ 12 سے 24 گھنٹوں کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔

موسمی پیشگوئی کے مطابق گلگت، سکردو، ہنزہ، نگر، غذر، دیامر، استور، گانچھے، شگر، کھرمنگ سمیت آزاد کشمیر کے مختلف علاقوں مظفرآباد، نیلم ویلی، باغ، راولاکوٹ، کوٹلی، میرپور اور بھمبر میں بارش اور گرج چمک متوقع ہے۔

خیبر پختونخوا کے اضلاع چترال، دیر، سوات، کالام، مالاکنڈ، مانسہرہ، ایبٹ آباد، پشاور، نوشہرہ، مردان، کوہاٹ، ڈیرہ اسماعیل خان اور وزیرستان میں بھی بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔

اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف علاقوں مری، راولپنڈی، اٹک،چکوال، جہلم، سیالکوٹ، گوجرانوالہ، لاہور، فیصل آباد، جھنگ، اوکاڑہ، بہاولپور اور بہاولنگر میں بارش، آندھی اور ژالہ باری کا امکان ظاہر کیا گیا ہے،سندھ کے علاقوں حیدرآباد، بدین، ٹھٹھہ، جامشورو اور میرپورخاص میں تیز ہواؤں کے ساتھ بارش متوقع ہے۔

یہ بھی پڑھیں :تیز ہواؤں کے ساتھ بارشیں، محکمہ موسمیات نے نیا الرٹ جاری کردیا

این ای او سی کے مطابق 13 سے 16 مئی کے دوران بالائی علاقوں میں اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی موجود ہے، خیبر پختونخوا، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے پہاڑی ندی نالوں میں طغیانی اور مقامی سیلاب کا خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ چترال میں دریائے چترال اور اس کے معاون ندی نالوں میں اچانک سیلابی صورتحال پیدا ہو سکتی ہے، جبکہ سوات، دیر، شانگلہ، بونیر، کوہستان، بٹگرام، طورغر، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور مالاکنڈ کے ندی نالوں میں پانی کے بہاؤ میں اضافہ متوقع ہے۔

گلگت بلتستان کے غذر، ہنزہ، نگر، دیامر اور اسکردو میں بھی مقامی سیلاب کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، جبکہ دریائے گلگت، شگر، شیوک اور استور کے معاون ندی نالوں میں پانی کی سطح بڑھ سکتی ہے، آزاد کشمیر کے مظفرآباد، نیلم ویلی اور باغ میں لینڈ سلائیڈنگ اور اچانک سیلابی صورتحال کا خدشہ بھی موجود ہے۔

این ڈی ایم اے نے عوام کو ہدایت کی ہے کہ شدید موسمی صورتحال کے دوران غیر ضروری سفر سے گریز کریں، کمزور ڈھانچوں اور بجلی کے کھمبوں سے دور رہیں، جبکہ سیاحوں کو دریاؤں اور ندی نالوں کے قریب کیمپنگ سے بچنے کی تاکید کی گئی ہے۔

ضلعی انتظامیہ کو ریسکیو اور ڈی واٹرنگ مشینری تیار رکھنے کی ہدایت دی گئی ہے، جبکہ نشیبی علاقوں کے مکینوں کو ہنگامی انخلا کے لیے تیار رہنے کا کہا گیا ہے۔

editor

Related Articles