دُنیا کی بیشتر کنٹریز سمیت خلیجی ممالک میں عیدالفطر کی خوشیاں، مسجد الحرام سے لندن تک روح پرور مناظر

دُنیا کی بیشتر کنٹریز سمیت خلیجی ممالک میں عیدالفطر کی خوشیاں، مسجد الحرام سے لندن تک روح پرور مناظر

سعودی عرب سمیت خلیجی ممالک میں آج عیدالفطر مذہبی جوش و خروش اور عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ فجر کے بعد ہی مساجد، عیدگاہوں اور کھلے میدانوں میں نماز عید کے بڑے بڑے اجتماعات کا سلسلہ شروع ہوگیا، جہاں لاکھوں فرزندانِ توحید نے اللہ تعالیٰ کے حضور سجدہ شکر ادا کیا اور رمضان المبارک کی برکتوں پر شکر گزاری کی۔

نماز عیدالفطر کے سب سے بڑے اور روح پرور اجتماعات مسجد الحرام اور مسجد نبوی میں منعقد ہوئے، جہاں دنیا بھر سے آئے ہوئے زائرین اور مقامی شہریوں کی بڑی تعداد نے شرکت کی۔ ان مقدس مقامات پر سیکیورٹی، صفائی اور انتظامات کو انتہائی مؤثر انداز میں یقینی بنایا گیا تاکہ عبادت گزار مکمل یکسوئی کے ساتھ اپنے فرائض ادا کر سکیں۔ خطباتِ عید میں اتحادِ امت، صبر، برداشت اور بھائی چارے کا خصوصی درس دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں:عیدالفطر پر بڑی خوشخبری، گاڑی خریدنے کا بہترین موقع، سِوک اورئیل نے پریمیم سہولت بغیراضافی قیمت متعارف کروا دی

خادم حرمین شریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس موقع پر دنیا بھر کے مسلمانوں کو عیدالفطر کی مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ یہ دن محبت، ایثار اور اتحاد کا پیغام دیتا ہے۔ انہوں نے عالمی امن و استحکام کیلئے کوششیں جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ کیا اور دعا کی کہ اللہ تعالیٰ امتِ مسلمہ کو امن، سلامتی اور ترقی سے نوازے۔

دوسری جانب ترکیہ، لبنان، یمن، فلسطین اور عراق میں بھی آج عیدالفطر مذہبی عقیدت کے ساتھ منائی جا رہی ہے۔ ان ممالک میں عوام نے مساجد اور عیدگاہوں کا رخ کیا، جبکہ بچوں اور نوجوانوں میں عید کی خوشیاں خاص طور پر نمایاں رہیں۔ کئی علاقوں میں عوام نے خصوصی دعاؤں میں اپنے ملکوں کے امن اور استحکام کیلئے بھی ہاتھ اٹھائے۔

آسٹریلیا میں بھی آج عیدالفطر منائی جا رہی ہے، جہاں انتھونی البانیسی سڈنی کی ایک معروف مسجد پہنچے اور مسلمانوں کے ساتھ عید کی خوشیوں میں شریک ہوئے۔ انہوں نے مسلم کمیونٹی کو مبارکباد دیتے ہوئے بین المذاہب ہم آہنگی اور اتحاد کی اہمیت پر زور دیا۔

امریکا میں بھی عیدالفطر کا چاند نظر آنے کے بعد آج عید منائی جا رہی ہے، جہاں مختلف ریاستوں میں مساجد اور اسلامی مراکز میں نماز عید کے بڑے اجتماعات منعقد ہوئے۔ مسلم کمیونٹی نے اس موقع پر ایک دوسرے کو گلے لگا کر عید کی خوشیاں بانٹیں اور خصوصی تقریبات کا اہتمام کیا۔

برطانیہ سمیت یورپ بھر میں بھی مسلم کمیونٹی کی بڑی تعداد نے آج عید منانے کا اعلان کیا۔ لندن میں چاند رات کے موقع پر ایک شاندار اور رنگا رنگ میلہ سجایا گیا، جہاں ہزاروں افراد نے شرکت کی۔ اس تقریب میں خاندانی ماحول، روایتی موسیقی اور ثقافتی رنگ نمایاں رہے، جس نے عید کی خوشیوں کو دوبالا کر دیا۔

مزید پڑھیں:عیدالفطر پر ہائی الرٹ، سیکیورٹی کے سخت ترین انتظامات نافذ کرنے کا حکم

چاند رات کی تقریبات میں خواتین اور بچیوں کی بڑی تعداد نے مہندی کے اسٹالز کا رخ کیا، جہاں ہاتھوں پر حنا کے خوبصورت ڈیزائن بنوانے کیلئے لمبی قطاریں دیکھنے میں آئیں۔ اس کے علاوہ خوبصورت ملبوسات، چوڑیاں، جیولری، پرفیوم، میک اپ، کھلونے اور دستکاری کے اسٹالز پر بھی رش عروج پر رہا۔ بچوں کیلئے جھولوں اور تفریحی سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا، جبکہ کھانے پینے کے مختلف اسٹالز نے مہمانوں کی توجہ اپنی جانب مبذول کرائی۔

دنیا بھر میں منائی جانے والی اس عیدالفطر نے ایک بار پھر یہ پیغام دیا کہ اسلام امن، محبت اور بھائی چارے کا مذہب ہے۔ مختلف ثقافتوں، زبانوں اور خطوں سے تعلق رکھنے والے مسلمان اس دن ایک ہی جذبے کے تحت متحد نظر آئے، جو امتِ مسلمہ کی حقیقی طاقت کی عکاسی کرتا ہے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *