کاروباری طبقے کیلئے خوشخبری ، حکومت کا بڑے ریلیف کا اعلان

کاروباری طبقے کیلئے خوشخبری ، حکومت کا بڑے ریلیف کا اعلان

وفاقی حکومت نے کاروباری اور صنعتی شعبے کے لیے اہم سہولت کا اعلان کرتے ہوئے کراچی پورٹ پر مالی سال 2026-27 کے لیے تجویز کردہ 5 فیصد ٹیرف اضافے کو منجمد کر دیا ہے۔

میڈیا رپورٹ کے مطابق وفاقی وزیر بحری امور جنید انوار چوہدری نے کاروباری برادری کیلئے ریلیف کا کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ یہ اقدام وزیراعظم کے بلیو اکانومی وژن کے تحت تجارتی سرگرمیوں کو فروغ دینے اور کاروباری طبقے کو سہولت فراہم کرنے کے لیے اٹھایا گیا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ ٹیرف میں اضافہ نہ ہونے سے درآمد کنندگان اور برآمد کنندگان کو مجموعی طور پر 500 ملین روپے سے زائد کا مالی فائدہ حاصل ہوگا۔ ان کے مطابق اس فیصلے کا بنیادی مقصد تاجروں اور صنعتکاروں کے آپریشنل اخراجات میں کمی لانا اور کاروباری ماحول کو مزید سازگار بنانا ہے۔

وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ حکومت برآمدات، تجارت اور معاشی سرگرمیوں کے فروغ کے لیے عملی اقدامات پر مسلسل عمل پیرا ہے۔ کراچی پورٹ ٹرسٹ کے ٹیرف کو منجمد رکھنے سے بندرگاہی لاگت میں استحکام آئے گا، جس کے نتیجے میں تجارتی سرگرمیوں کو مزید تقویت ملے گی۔

یہ بھی پڑھیں :کیا پاکستان میں پیٹرول سستا ہونے والا ہے ؟ خبر آگئی

جنید انوار چوہدری نے کہا کہ یہ فیصلہ حکومت کی کاروبار دوست پالیسیوں کا تسلسل ہے اور اس بات کا واضح ثبوت بھی کہ تاجروں اور صنعتکاروں کو زیادہ سے زیادہ سہولتیں فراہم کرنا حکومت کی ترجیحات میں شامل ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ٹیرف میں اضافے کو روکنے سے پاکستانی برآمدات عالمی منڈیوں میں اپنی مسابقت برقرار رکھنے میں مدد حاصل کریں گی، جبکہ درآمد کنندگان پر اضافی مالی بوجھ بھی نہیں پڑے گا۔

وفاقی وزیر نے  اس امید کا اظہار کیا کہ اس اقدام سے نہ صرف تجارتی سرگرمیوں میں اضافہ ہوگا بلکہ برآمدی شعبہ بھی مزید مضبوط ہوگا، جس سے موجودہ معاشی چیلنجز کے دوران قومی معیشت کو مثبت سہارا ملے گا۔

editor

Related Articles