ایک گھنٹہ روشنیاں بند کریں، مستقبل روشن بنائیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کی عوام سے اپیل

ایک گھنٹہ روشنیاں بند کریں، مستقبل روشن بنائیں، صدر مملکت آصف علی زرداری کی عوام سے اپیل

صدرِ مملکت آصف علی زرداری نے ارتھ آور کے موقع پر قوم کے نام اپنے خصوصی پیغام میں عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ ماحول کے تحفظ کے لیے کم از کم ‘1’ گھنٹہ غیر ضروری روشنیاں بند کر کے اپنی ذمہ داری کا مظاہرہ کریں۔ انہوں نے کہا کہ یہ اقدام بظاہر علامتی ضرور ہے مگر اس کے اثرات طویل المدتی ماحولیاتی بہتری کی جانب ایک اہم قدم ثابت ہو سکتے ہیں۔

صدرِ مملکت نے اپنے پیغام میں کہا کہ ‘ایک گھنٹہ ارتھ کے لیے دیں’ صرف ایک نعرہ نہیں بلکہ یہ عوام کو اپنے روزمرہ طرزِ زندگی کا جائزہ لینے اور اسے ماحول دوست بنانے کی دعوت دیتا ہے۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ اجتماعی سطح پر کیے گئے چھوٹے اقدامات بھی بڑے مثبت نتائج کا باعث بن سکتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:توانائی بحران پر قابو پانے کیلئے اہم سفارشات وزیراعلیٰ پنجاب کو پیش

انہوں نے کہا کہ پاکستان اُن ممالک میں شامل ہے جو موسمیاتی تبدیلی سے سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں، حالانکہ عالمی کاربن اخراج میں اس کا حصہ ‘1’ فیصد سے بھی کم ہے۔ حالیہ برسوں میں آنے والے تباہ کن سیلاب، شدید گرمی کی لہریں اور طویل خشک سالی اس خطرے کی واضح مثالیں ہیں، جنہوں نے نہ صرف معیشت بلکہ عوام کی روزمرہ زندگی کو بھی متاثر کیا ہے۔

صدر زرداری کا کہنا تھا کہ زرعی شعبہ خاص طور پر موسمیاتی تبدیلی کے اثرات کی زد میں ہے، جہاں کسان غیر یقینی موسمی حالات کے باعث مشکلات کا شکار ہیں۔ کبھی بارشوں کی کمی تو کبھی غیر معمولی بارشیں فصلوں کی پیداوار کو متاثر کر رہی ہیں، جس سے غذائی تحفظ کے مسائل بھی جنم لے رہے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ شہری علاقوں میں بڑھتا ہوا درجہ حرارت توانائی کی طلب میں اضافے کا سبب بن رہا ہے، جس سے بجلی کے نظام پر شدید دباؤ پڑ رہا ہے۔ اس کے ساتھ ساتھ پانی کی دستیابی میں کمی اور بار بار آنے والے سیلاب انفراسٹرکچر کو نقصان پہنچا رہے ہیں، جس سے ترقیاتی عمل متاثر ہو رہا ہے۔

صدرِ مملکت نے کہا کہ حکومت پاکستان ‘پیرس معاہدے’ کے اہداف کے حصول کے لیے پُرعزم ہے اور قابلِ تجدید توانائی کے فروغ کے لیے عملی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ ‘گرین پاکستان پروگرام’ کے تحت شجرکاری مہم کو فروغ دیا جا رہا ہے، جس سے نہ صرف ماحولیاتی بہتری آئے گی بلکہ روزگار کے نئے مواقع بھی پیدا ہوں گے۔

مزید پڑھیں:تربت میں افطار ڈنر میں سیکیورٹی فورسز اور شہریوں کے درمیان دوستانہ ماحول

انہوں نے عوام پر زور دیا کہ وہ توانائی کے مؤثر استعمال، پانی کی بچت، پلاسٹک کے کم استعمال اور درخت لگانے جیسے اقدامات کو اپنی روزمرہ زندگی کا حصہ بنائیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ماحولیاتی تحفظ صرف حکومت کی ذمہ داری نہیں بلکہ ہر فرد کا قومی فریضہ ہے۔

صدر زرداری نے اپنے پیغام کے اختتام پر کہا کہ ارتھ آور ہمیں یہ یاد دلاتا ہے کہ زمین ہمارا مشترکہ گھر ہے اور اس کے تحفظ کے لیے ہمیں متحد ہو کر کام کرنا ہوگا تاکہ آنے والی نسلوں کو ایک محفوظ اور صحت مند ماحول فراہم کیا جا سکے۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *