وزیر اعظم کی صدارت میں اہم اجلاس،اعلی سول وعسکری قیادت موجود،کون سے اہم فیصلوں کا امکان

وزیر اعظم کی صدارت میں اہم اجلاس،اعلی سول وعسکری قیادت موجود،کون سے اہم فیصلوں کا امکان

وزیر اعظم شہباز شریف کی زیر صدارت اسلام آباد میں موجودہ ملکی اور عالمی حالات کے تناظر میں اعلیٰ سطح کا اہم اجلاس منعقد ہو رہا ہے اجلاس میں سیاسی اور عسکری قیادت موجود ہے جس کے باعث اس اجلاس کی اہمیت مزید دوچند ہوگئی ہے

ذرائع کے مطابق اجلاس میں فیلڈ مارشل سید عاصم منیر سمیت اعلیٰ عسکری حکام اور اہم وفاقی وزرا شریک ہوئے۔ اجلاس کے دوران مشرقِ وسطیٰ میں تیزی سے بدلتی اور کشیدہ ہوتی صورتحال پر تفصیلی غور کیا گیا، جبکہ خطے میں جاری تنازعات کے ممکنہ اثرات کا بھی جائزہ لیا گیا۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ اجلاس میں توانائی بحران، داخلی سکیورٹی اور پاکستان کی سفارتی حکمت عملی پر بھی گفتگو کی گئی۔ امریکا اور اسرائیل کی ایران کے خلاف جاری کشیدگی اور ممکنہ جنگی صورتحال کے تناظر میں پاکستان کے کردار اور سفارتی امکانات پر بھی تبادلہ خیال ہوا۔ بعض سفارتی ذرائع کے مطابق ایران سے متعلق ممکنہ مذاکراتی پیش رفت اور خطے میں امن کے لیے پاکستان کی میزبانی کے امکانات بھی زیر غور آئے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکا ایران مزاکرات ،ایران کی 6 شرائط سامنے آگئیں

اجلاس میں اس امر پر زور دیا گیا کہ موجودہ عالمی حالات کے پیش نظر قومی یکجہتی اور مربوط حکمت عملی ناگزیر ہے۔ شرکا نے اس بات پر اتفاق کیا کہ خطے میں کسی بھی غیر معمولی پیش رفت کے پاکستان پر براہِ راست اثرات مرتب ہو سکتے ہیں، لہٰذا تمام متعلقہ اداروں کے درمیان قریبی رابطہ اور ہم آہنگی برقرار رکھی جائے۔

ذرائع نے مزید بتایا کہ وزیراعظم شہباز شریف آج شام صدر مملکت آصف علی زرداری سے بھی ملاقات کریں گے، جس میں مشرقِ وسطیٰ کی صورتحال، امریکا، اسرائیل اور ایران کے درمیان کشیدگی، توانائی کے مسائل اور داخلی سکیورٹی امور پر مشاورت کی جائے گی۔

حکومتی ذرائع کے مطابق موجودہ صورتحال میں اتحادی جماعتوں کو بھی اعتماد میں لینے کا فیصلہ کیا گیا ہے تاکہ قومی سطح پر متفقہ اور مضبوط لائحہ عمل طے کیا جا سکے۔ اجلاس میں آئندہ کے سفارتی، سیاسی اور سکیورٹی اقدامات پر مشاورت جاری ہے اور متعلقہ اداروں کو ضروری تیاری برقرار رکھنے کی ہدایات بھی دی گئی ہیں۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *