پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائز لاہور قلندرز کے بیٹر فخر زمان پر بال ٹیمپرنگ کے الزام کے بعد پابندی عائد کیے جانے کا امکان ظاہر کیا جا رہا ہے۔
یہ واقعہ قذافی اسٹیڈیم لاہور میں کراچی کنگز کے خلاف کھیلے گئے میچ کے دوران پیش آیا، جہاں فخر زمان پر میچ کے آخری اوور میں گیند سے چھیڑ چھاڑ کا الزام عائد کیا گیا۔ گیند کی حالت میں تبدیلی کے باعث لاہور قلندرز کو 5 رنز کی پنالٹی کا سامنا بھی کرنا پڑا تھا۔
پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے مطابق فخر زمان پر لیول تھری جرم کے تحت چارج عائد کیا گیا ہے، جبکہ انہوں نے پی ایس ایل کی پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 41.3 کی خلاف ورزی کی۔ پی سی بی کا کہنا ہے کہ یہ خلاف ورزی گیند کی حالت خراب کرنے سے متعلق ہے۔
میچ ریفری روشن ماہنامہ نے اس معاملے پر ڈسپلنری سماعت کی، تاہم ابتدائی سماعت کے دوران فخر زمان نے اپنے اوپر عائد کیے گئے الزامات سے انکار کیا۔
پی سی بی کے مطابق فخر زمان کے کیس کی مزید سماعت آئندہ 48 گھنٹوں میں کی جائے گی، جس کے بعد میچ ریفری فیصلہ سنائیں گے۔
یاد رہے کہ پی ایس ایل کے گیارہویں ایڈیشن کے چھٹے میچ میں کراچی کنگز نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد لاہور قلندرز کو 4 وکٹوں سے شکست دی تھی۔ لاہور قلندرز کی جانب سے دیا گیا 129 رنز کا ہدف کراچی کنگز نے 19ویں اوور کی تیسری گیند پر حاصل کر لیا تھا۔