وائٹ ہاؤس کی ترجمان کیرولین لیوٹ نے میڈیا بریفنگ میں کہا ہے کہ امریکہ ایران کے خلاف اپنے بنیادی مقاصد کے حصول کے قریب پہنچ چکا ہے اور جاری آپریشن آئندہ 4 سے 6 ہفتوں میں مکمل کر لیا جائے گا۔
ترجمان کے مطابق ایران کے خلاف کارروائی میں 7 ہزار ٹن وزنی بم استعمال کیا گیا، جس کے ذریعے اہم اہداف کو نشانہ بنایا گیا اور دعویٰ کیا گیا کہ 90 فیصد تنصیبات کو تباہ کر دیا گیا ہے۔
کیرولین لیوٹ نے کہا کہ امریکہ تیل کی قیمتوں کو مستحکم رکھنے کی کوشش کر رہا ہے اور ایران میں آپریشن کے خاتمے کے بعد تیل اور گیس کی قیمتوں میں کمی متوقع ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ امریکہ ایرانی پراکسیز کو بھی کمزور کرنا چاہتا ہے۔
انہوں نے ایران کو خبردار کرتے ہوئے کہا کہ وہ مزید غلط اندازے لگانا بند کرے۔ ترجمان کا کہنا تھا کہ ایران سے متعلق 15 نکاتی مطالبات کے حوالے سے کافی مس انفارمیشن بھی پھیلائی جا رہی ہے۔
ایران کے ساتھ مذاکرات کے حوالے سے بات کرتے ہوئے کیرولین لیوٹ نے کہا کہ ایران کو دی گئی پانچ روزہ ٹائم لائن میں توسیع کا فیصلہ صرف امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ ہی کر سکتے ہیں۔