آزاد کشمیر میں امن و امان کی صورتحال کو متاثر کرنے کی کوششیں ناکام ہو گئیں۔ کالعدم ایکشن کمیٹی کی جانب سے دی گئی احتجاجی کال کو عوام نے مکمل طور پر مسترد کر دیا۔
مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر بھر میں حالات معمول کے مطابق برقرار رہے اور روزمرہ زندگی بغیر کسی رکاوٹ کے جاری رہی۔
تفصیلات کے مطابق مظفرآباد سمیت آزاد کشمیر کے دیگر اضلاع میں شہری معمول کی سرگرمیوں میں مصروف رہے۔ اسی طرح میرپور، بھمبر اور کوٹلی میں بھی حالات مکمل طور پر پرامن رہے۔
مقامی ذرائع کے مطابق آزاد کشمیر کے تمام اضلاع میں کاروباری مراکز اور بازار معمول کے مطابق کھلے رہے جبکہ ٹریفک کی آمد و رفت بھی بلا تعطل جاری رہی۔ شہری اپنے روزمرہ کے کاموں میں حسب معمول مصروف نظر آئے اور کسی قسم کی غیر یقینی صورتحال یا ہڑتال کا اثر نمایاں نہیں ہوا۔
مقامی ذرائع کے مطابق امن و امان کو خراب کرنے کی کوشش کرنے والے عناصر کے عزائم ناکام ہو گئے ہیں۔ عوام نے احتجاج کی کال کو مسترد کر کے پرامن اور باشعور شہری ہونے کا عملی ثبوت دیا۔
مجموعی طور پر آزاد کشمیر کے مختلف حصوں میں صورتحال مکمل طور پر نارمل رہی اور انتظامی و سماجی سرگرمیاں معمول کے مطابق جاری رہیں۔