جڑواں شہروں میں گزشتہ رات سے شروع ہونے والا بارش کا سلسلہ وقفے وقفے سے جاری ہے، جس کے پیشِ نظر ’واسا‘ نے رین ایمرجنسی نافذ کرتے ہوئے تمام فیلڈ افسران اور عملے کو ہائی الرٹ کر دیا ہے۔
منیجنگ ڈائریکٹر واسا، عزیز اللہ خان نے شہر کے مختلف حصوں کا دورہ کیا اور نشیبی علاقوں میں نکاسیٔ آب کے کاموں کا جائزہ لیا۔
ایم ڈی واسا کے مطابق اب تک کی ریکارڈ کی گئی بارش کے اعداد و شمار کے مطابق سیدپور کے مقام پر 18 ملی میٹر، پی ایم ڈی 16 ملی میٹر، گولڑہ اور پیر ودھائی میں ’15’ ملی میٹر، کٹاریاں میں ’14’ ملی میٹر جبکہ چکلالہ کے مقام پر ’13’ ملی میٹر بارش ریکارڈ کی جا چکی ہے۔
انہوں نے بتایا کہ لیاقت باغ، کمیٹی چوک انڈرپاس، مری روڈ اور صادق آباد جیسے حساس نشیبی علاقوں میں واسا کا عملہ ہیوی مشینری اور ڈی واٹرنگ سیٹس کے ساتھ تعینات ہے تاکہ کسی بھی جگہ پانی جمع نہ ہو سکے۔
ترجمان واسا کے مطابق نالہ لئی کی مانیٹرنگ کے لیے خصوصی ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں جو مسلسل پانی کی سطح پر نظر رکھے ہوئے ہیں، تاہم فی الحال نالہ لئی میں پانی کا بہاؤ بالکل معمول کے مطابق ہے۔
ایم ڈی واسا عزیز اللہ خان نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ نالوں اور گٹروں میں کچرا پھینکنے سے گریز کریں اور نالوں کے ڈھکن کھلے نہ رکھیں تاکہ نکاسی کے نظام میں رکاوٹ پیدا نہ ہو۔
حکام نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ کسی بھی ہنگامی صورتحال یا گلی محلوں میں پانی جمع ہونے کی صورت میں فوری طور پر واسا کی ہیلپ لائن پر رابطہ کریں۔
فیلڈ افسران کو سخت ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ نکاسیٔ آب کے کام کی خود نگرانی کریں اور جب تک بارش کا سلسلہ مکمل طور پر تھم نہیں جاتا، اپنی پوزیشنز پر موجود رہیں۔ محکمہ موسمیات نے آئندہ ’24’ گھنٹوں کے دوران مزید بارش کی پیش گوئی کی ہے جس کے باعث واسا نے اپنی تیاریوں کو مزید حتمی شکل دے دی ہے۔