وزیراعظم شہباز شریف نے کر غزستان میں پاکستانی سفیر حسن علی ضیغم سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور کر غزستان میں حالیہ صورتحال میں پاکستانی طلبا کو ہر قسم کی مدد و معاونت فراہم کرنے کی ہدایت کی ہے۔
وزیراعظم آفس کے مطابق وزیرِ اعظم نے پاکستانی سفیر کو خود ہاسٹلز کا دورہ کرکے طلبا ءسے ملاقات کرنے کی ہدایت کی۔ پاکستانی سفیر نے وزیرِ اعظم کو صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے بتایا کہ واقعہ میں کوئی پاکستانی جاں بحق نہیں ہوا، سفارتخانہ زخمی طلبا ءکی معاونت کر رہا ہے۔ وزیر اعظم نے تاکید کی کہ طلبا ءکے والدین کے ساتھ مسلسل رابطے میں رہیں اور ان کو بر وقت معلومات فراہم کرتے رہیں۔
وزیرِ اعظم نے سفارتخا نہ کو زخمی طلباء کو ہر قسم کی طبی سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی اور کہا کہ جو زخمی طلبا ءپاکستان واپس آنا چاہتے ہیں انکی فوری واپسی کا انتظام کیا جائے۔ وزیرِ اعظم نے کہا کہ زخمی ہونے والے طلباء کی واپسی کے اخراجات حکومت پاکستان برداشت کرے گی۔ وزیرِاعظم نے کہا کہ کر غزستان میں صورتحال کی خود نگرانی کر رہا ہوں، اس صورتحال میں اپنے طلبا ءکو بالکل اکیلا نہیں چھوڑیں گے، ہماری حکومت کر غزستان کی حکومت کے ساتھ بھی رابطہ میں ہے۔
قبل ازیں وزیراعظم محمد شہباز شریف نے کرغزستان میں پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلبہ کی صورتحال کے حوالے سے گہری تشویش کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے بشکیک میں پاکستانی سفیر کو پاکستانی طلبہ کی ہر ممکن مدد کرنے کی ہدایت کی ہے۔ بشکیک میں پاکستانی سفارت خانے نے طلبہ کے لئے ایمرجنسی نمبر فراہم کر دیئے ہیں ۔وزیر اعظم نے کہا ہے کہ ان کا آفس بشکیک میں پاکستان کے سفارت خانے سے رابطے میں ہے اور تمام صورت حال کی مانیٹرنگ کررہا ہے۔
پاکستانی سفارت خانے کی پاکستانی طلبہ کیلئے پیغام :
کرغزستان کے دارالحکومت بشکیک میں پاکستانی سفارت خانے نے پاکستانی طلبہ کو باہر نہ نکلنے کی ہدایت کی ہے ۔بشکیک میں پاکستانی سفیر حسن ضیغم کی طرف سے سوشل میڈیا پر جاری بیان کے مطابق بشکیک میں طلبہ کے ہاسٹلز کے باہر ہجوم کے تشدد کے بعد پاکستانی طلبہ کو سختی سے ہدایت کی گئی ہے کہ وہ صورتحال معمول پر آنے تک باہر نہ نکلیں۔
پاکستانی سفیر نے کہا کہ وہ بشکیک میں موجود پاکستانی اور دیگر ممالک کے طلبہ کے تحفظ کو یقینی بنانے کے لئے قانون نافذ کرنے والے مقامی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔پاکستانی سفیر نے پاکستانی طلبہ سے کہا ہے کہ وہ کسی بھی ہنگامی صورتحال میں ہیلپ لائن نمبر +996 507567667 پر رابطہ کریں۔ واضح رہے کہ سوشل میڈیا پر جاری پیغامات میں بشکیک میں غیر ملکی طلبہ کے ہاسٹلز کے قریب ہجوم کے تشدد کی اطلاعات دی گئی ہیں ۔