فیفا ورلڈ کپ 2026، سعودی عرب اور یوراگوئے کا سنسنی خیز مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر

فیفا ورلڈ کپ 2026، سعودی عرب اور یوراگوئے کا سنسنی خیز مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر

میامی( کامران اشرف ) فیفا ورلڈ کپ 2026 کے گروپ ایچ کے افتتاحی میچ میں سعودی عرب اور یوراگوئے کے درمیان کھیلا گیا دلچسپ مقابلہ ایک، ایک گول سے برابر ہوگیا۔ ہارڈ راک اسٹیڈیم میں ہونے والے اس میچ میں سعودی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے عالمی سطح کی مضبوط ٹیم یوراگوئے کو سخت مقابلے پر مجبور کر دیا۔

میچ کے پہلے ہاف میں سعودی عرب نے دفاعی اور جارحانہ دونوں شعبوں میں عمدہ کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ گرین فالکنز کو 41ویں منٹ میں برتری اس وقت حاصل ہوئی جب عبدالالٰہ العمری نے کارنر کک پر شاندار ہیڈر کے ذریعے گیند جال میں پہنچا دی۔ اس گول کے بعد سعودی شائقین خوشی سے جھوم اٹھے اور پہلے ہاف کے اختتام تک سعودی عرب کو ایک صفر کی برتری حاصل رہی۔

 یہ بھی پڑھیں :فیفا ورلڈکپ 2026 ، مصر اور بیلجیئم کا میچ 1-1 گول سے برابر

دوسرے ہاف میں یوراگوئے نے واپسی کی بھرپور کوشش کی اور مسلسل حملوں کے ذریعے سعودی دفاع کو دباؤ میں رکھا۔ تاہم سعودی گول کیپر محمد العویس نے کئی شاندار بچاؤ کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برتری دلائے رکھی اور یوراگوئے کے متعدد یقینی گول ناکام بنا دیے۔

میچ کے 80ویں منٹ میں یوراگوئے کے میکسی آراوجو نے ایک عمدہ حملے کو گول میں تبدیل کرتے ہوئے اپنی ٹیم کو برابری دلائی۔ اس گول کے بعد دونوں ٹیموں نے فتح کے لیے بھرپور کوشش کی، تاہم مقررہ وقت تک مزید کوئی گول نہ ہو سکا اور میچ ایک، ایک گول سے برابر ختم ہوا۔

editor

Related Articles