عالمی منڈی میں خام تیل کی قیمتوں میں ہونے والے اضافے کے بعد پاکستان میں بھی پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے اضافے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے، جس کا حتمی فیصلہ آج متوقع ہے۔
وفاقی حکومت کی جانب سے پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں بڑے ردوبدل کا فیصلہ آج کیا جائے گا، جس کے تحت پیٹرول کی قیمت میں 30 روپے فی لیٹر تک کا بھاری اضافہ کیا جا سکتا ہے۔
ذرائع کے مطابق، عالمی مارکیٹ میں تیل کی قیمتوں میں ہونے والے مسلسل اضافے کے پیش نظر آئل اینڈ گیس ریگولیٹری اتھارٹی (اوگرا) نے حکومت کو قیمتیں بڑھانے کی سمری ارسال کر دی ہے۔
وفاقی حکومت اس سمری کا جائزہ لے رہی ہے اور آج شام تک نئی قیمتوں کا باضابطہ اعلان کر دیا جائے گا۔ اگر حکومت نے تیس روپے اضافے کی منظوری دے دی، تو اس سے ملک میں مہنگائی کا ایک نیا طوفان آنے کا خدشہ ہے۔
وزارت خزانہ اور وزیر اعظم آفس کے درمیان مشاورت کے بعد عوامی ریلیف یا قیمتوں میں اضافے کا حتمی اعلان کیا جائے گا، جس کا اطلاق آج رات بارہ بجے سے ہونے کا امکان ہے۔