مصر کے وزیر خارجہ کا دفترِ خارجہ کا دورہ، اسحاق ڈار سے اہم ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پربھی اتفاق

مصر کے وزیر خارجہ کا دفترِ خارجہ کا دورہ، اسحاق ڈار سے اہم ملاقات، اقتصادی تعاون بڑھانے پربھی اتفاق

مصر کے وزیر خارجہ ڈاکٹر بدر عبدالعاطی پاکستان کے وزارتِ خارجہ پاکستان پہنچے، جہاں ان کا پرتپاک استقبال نائب وزیر اعظم اور وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کیا۔ اس موقع پر دونوں ممالک کے اعلیٰ سفارتی حکام بھی موجود تھے، جبکہ معزز مہمان کو گارڈ آف آنر بھی پیش کیا گیا۔

دورے کے دوران دونوں رہنماؤں کے درمیان تفصیلی دوطرفہ مشاورت ہوئی، جس میں علاقائی صورتحال، مشرقِ وسطیٰ کی کشیدگی، عالمی سیاسی حالات اور باہمی دلچسپی کے مختلف امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات میں اس امر پر زور دیا گیا کہ پاکستان اور مصر اپنے تاریخی اور برادرانہ تعلقات کو مزید وسعت دینے کے لیے پرعزم ہیں۔

گفتگو کے دوران تجارت، سرمایہ کاری، توانائی، زراعت اور دفاع سمیت مختلف شعبوں میں تعاون بڑھانے پر بھی اتفاق کیا گیا۔ دونوں وزرائے خارجہ نے اس بات پر زور دیا کہ اقتصادی روابط کو فروغ دینا وقت کی اہم ضرورت ہے، جس سے نہ صرف دونوں ممالک بلکہ پورے خطے کو فائدہ پہنچ سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پاکستان اور مصر کا بحری اور صنعتی شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق،بلیو اکانومی کو فروغ دینے کا عزم

دفترِ ترجمان وزارتِ خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق مذاکرات کو مثبت، تعمیری اور نتیجہ خیز قرار دیا گیا۔ بیان میں کہا گیا کہ دونوں فریقین نے پاکستان اور مصر کے درمیان تعلقات کو مزید مستحکم بنانے کے عزم کا اعادہ کیا، خاص طور پر اقتصادی تعاون، تعلیمی روابط اور ثقافتی تبادلوں کو فروغ دینے پر زور دیا گیا۔

ذرائع کے مطابق دونوں ممالک نے علاقائی و عالمی امور پر قریبی مشاورت جاری رکھنے اور اہم بین الاقوامی فورمز پر ایک دوسرے کے مؤقف کی حمایت کرنے پر بھی اتفاق کیا۔ اس موقع پر فلسطین اور غزہ کی صورتحال پر بھی تفصیلی گفتگو ہوئی اور انسانی بنیادوں پر فوری جنگ بندی اور امداد کی فراہمی کی ضرورت پر زور دیا گیا۔

مصری وزیر خارجہ نے پاکستان کے سفارتی کردار کو سراہتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہمیشہ خطے میں امن اور استحکام کے لیے مثبت کردار ادا کرتا رہا ہے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ مصر پاکستان کے ساتھ اپنے تعلقات کو مزید مضبوط بنانے کے لیے ہر ممکن اقدامات کرے گا۔

سینیٹر اسحاق ڈار نے کہا کہ پاکستان مصر کے ساتھ اپنے تعلقات کو انتہائی اہمیت دیتا ہے اور دونوں ممالک کے درمیان تعاون کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے لیے عملی اقدامات کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان باہمی احترام اور مشترکہ مفادات پر مبنی تعلقات خطے کے استحکام میں اہم کردار ادا کر سکتے ہیں۔

یہ ملاقات پاکستان اور مصر کے درمیان دہائیوں پر محیط دوستانہ تعلقات کی عکاسی کرتی ہے اور اس بات کا واضح اشارہ دیتی ہے کہ دونوں ممالک بدلتی ہوئی عالمی صورتحال میں ایک دوسرے کے قریب آ رہے ہیں۔ ماہرین کے مطابق اس دورے سے نہ صرف سفارتی تعلقات بلکہ اقتصادی اور اسٹریٹجک تعاون کو بھی نئی جہت ملے گی۔

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *