نیشنل ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی نے ملک بھر میں 31 مارچ سے 5 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور مختلف علاقوں میں ژالہ باری کی پیشگوئی کے پیش نظر ہائی الرٹ جاری کر دیا ہے، جبکہ ممکنہ بارشوں کے نتیجے میں خیبر پختونخواہ اور بلوچستان کے متعدد اضلاع میں سیلابی صورتحال کا بھی خدشہ ظاہر کیا گیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق بلوچستان کے علاقوں تربت، کیچ، گوادر، خضدار، ژوب اور لسبیلہ میں اچانک سیلابی صورتحال کا امکان ہے۔ اسی طرح کوئٹہ، ژوب، زیارت، قلات، قلعہ سیف اللہ، قلعہ عبداللہ، پشین، بارکھان، سبی، ڈیرہ بگٹی، خضدار، آواران، واشک، پنجگور، تربت، گوادر اور لسبیلہ میں آئندہ 3 سے 4 روز کے دوران بارش متوقع ہے۔
محکمہ کے مطابق اگلے 3 سے 4 روز میں گلگت بلتستان، آزاد کشمیر اور خیبر پختونخواہ کے بالائی اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا بھی امکان ہے۔ جبکہ بلوچستان، پنجاب اور خیبر پختونخواہ کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، آندھی، طوفان اور چند مقامات پر ژالہ باری کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
اسلام آباد سمیت پنجاب کے مختلف شہروں مری، راولپنڈی، اٹک، جہلم، چکوال، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، میانوالی اور منڈی بہاؤالدین میں 4 اپریل تک وقفے وقفے سے بارش جاری رہنے کا امکان ہے۔ اس کے علاوہ خوشاب، سرگودھا، گوجرانوالہ، حافظ آباد، فیصل آباد، قصور، اوکاڑہ، نارووال، ڈی جی خان، ملتان، بہاولپور، ساہیوال، بہاولنگر اور رحیم یار خان میں بھی بارش متوقع ہے۔
خیبرپختونخوا کے مختلف اضلاع میں 31 مارچ سے 5 اپریل تک گرج چمک کے ساتھ بارش اور آندھی کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔ چترال، دیر، سوات، شانگلہ، کوہستان، مانسہرہ، ایبٹ آباد اور ہری پور میں گرج چمک کے ساتھ بارش جبکہ صوابی، چارسدہ، مردان، نوشہرہ، کوہاٹ، کرک، بنوں اور ڈی آئی خان میں آندھی اور جھکڑ کے ساتھ بارش متوقع ہے۔
گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر کے علاقوں اسکردو، ہنزہ، گلگت، استور، دیامر، غزر، مظفرآباد، باغ، راولاکوٹ، حویلی اور وادی نیلم میں بھی مارچ کے دوران بارش کا امکان ظاہر کیا گیا ہے۔
دوسری جانب 2 سے 3 اپریل کے دوران سندھ کے شہروں کراچی، ٹھٹھہ، بدین، حیدرآباد، سکھر، دادو، کشمور، جیکب آباد اور لاڑکانہ میں بھی گرج چمک کے ساتھ بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔