حکومت کی جانب سے یہ فیصلہ کیا گیا ہے کہ بینظیر انکم سپورٹ پروگرام (بی آئی ایس پی) کی رقم جنوری سال 2027 سے 14,500 روپے سے بڑھا کر 19,500 روپے کر دی جائے گی۔
میڈیا رپورٹ کے مطابق مالی سال 2026 کے اختتام تک مزید 2 لاکھ خاندان اس پروگرام میں شامل ہوں گے، جس سے مجموعی طور پر مستفید گھرانوں کی تعداد 1 کروڑ 2 لاکھ تک پہنچ جائے گی۔
ذرائع کے مطابق وزارت خزانہ نے بتایا ہے کہ آئی ایم ایف کی جانب سے پٹرولیم مصنوعات پر سبسڈی نہ دینے کا مطالبہ کیا گیا تھا ، جس پرحکومت نے اپنی مالی پوزیشن کے مطابق صوبوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ اپنے بجٹ سے پسماندہ طبقے کے لیے ٹارگٹڈ سبسڈی فراہم کریں۔
ذرائع کایہ بھی کہنا ہے کہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتیں عالمی مارکیٹ کے مطابق ہوں گی، جبکہ گزشتہ ماہ تقریباً ساڑھے 3 ارب روپے اضافی لیوی اکٹھی کی گئی ، ملک بھر میں پٹرول کی کھپت تقریباً 24 فیصد بڑھ گئی۔
کسانوں کو تحفظ دینے کے لیے فیصلہ کیا گیا ہے کہ آئندہ مالی سال کھاد پر فیڈرل ایکسائز ڈیوٹی (ایف ای ڈی) نہیں لگائی جائے گی۔
بی آئی ایس پی کے حوالے سے ذرائع نے بتایا کہ جنوری 2027 سے پروگرام کے تحت ہر خاندان کو 19,500 روپے دیے جائیں گے، جبکہ مالی سال 2026 کے اختتام تک مزید 2 لاکھ خاندان شامل کیے جائیں گے۔
حکومت نے آئی ایم ایف کو تحریری طور پر یقین دہانی بھی کرائی ہے کہ پروگرام کے تحت مستفید ہونے والے گھرانوں کی تعداد میں بھی اضافہ کیا جاتا رہے گا۔