مشرقِ وسطیٰ میں جاری کشیدہ صورتحال کے اثرات عالمی سطح پر نمایاں ہونا شروع ہو گئے ہیں، اور اسی تناظر میں خلیجی ریاست قطر نے پاکستانی شہریوں کے لیے اہم سفری پالیسی میں تبدیلی کر دی ہے۔ اب پاکستانیوں کے لیے ویزا آن ارائیول کی سہولت عارضی طور پر معطل کر دی گئی ہے، جس کے باعث مسافروں کو سفر سے قبل پیشگی ویزا حاصل کرنا لازمی ہوگا۔
قطر میں تعینات پاکستانی سفارتخانہ قطر کی جانب سے جاری ایڈوائزری میں واضح کیا گیا ہے کہ موجودہ علاقائی حالات کے پیش نظر پاکستانی شہری بغیر ویزا قطر کا سفر نہ کریں۔ سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ ویزا کے بغیر پہنچنے والے مسافروں کو نہ صرف ایئرپورٹ پر مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے بلکہ انہیں واپسی کا سامنا بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔
ایڈوائزری میں مزید کہا گیا ہے کہ تمام پاکستانی شہری اپنے سفر سے قبل قطر کا درست اور منظور شدہ ویزا حاصل کریں تاکہ کسی بھی قسم کی پریشانی سے بچا جا سکے۔ حکام کے مطابق یہ فیصلہ وقتی نوعیت کا ہو سکتا ہے تاہم موجودہ حالات میں اس پر مکمل عملدرآمد ضروری ہے۔
اس سے قبل قطر کی جانب سے پاکستانی شہریوں کو ویزا آن ارائیول کی سہولت فراہم کی جا رہی تھی، جس سے سیاحت، کاروبار اور خاندانی ملاقاتوں میں آسانی پیدا ہوئی تھی۔ تاہم حالیہ جغرافیائی و سیاسی کشیدگی اور سیکیورٹی خدشات کے پیش نظر اس پالیسی کو تبدیل کر دیا گیا ہے۔
مشرقِ وسطیٰ میں جاری تنازعات کے باعث مختلف ممالک اپنی امیگریشن اور سیکیورٹی پالیسیوں پر نظرثانی کر رہے ہیں، جس کے اثرات براہِ راست عام مسافروں پر پڑ رہے ہیں۔ اس نئی پابندی سے پاکستان سے قطر جانے والے مزدوروں، کاروباری افراد اور سیاحوں کو اضافی منصوبہ بندی کرنا ہوگی۔
حکام نے پاکستانی شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ سفر سے قبل مستند ذرائع سے معلومات حاصل کریں اور سفری دستاویزات مکمل رکھیں تاکہ کسی بھی ناخوشگوار صورتحال سے بچا جا سکے۔