پاکستان سپر لیگ کے 11ویں ایڈیشن میں لاہور قلندرز نے اپنے ہوم گراؤنڈ قذافی اسٹیڈیم میں ملتان سلطانز کو بارش سے متاثری میچ میں سنسنی خیز مقابلے کے بعد 20 رنز سے ہرا دیا ہے۔
تفصیلات کے مطابق لاہور میں بارش سے متاثرہ میچ میں لاہور قلندرز اور ملتان سلطان کے میچ کو فی اننگز 13 اوورز تک محدود کیا گیا تھا۔ جس میں قلندرز کے بلے بازوں نے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔
ٹاس جیت کر ملتان سلطانز کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے پہلے فیلڈنگ کا فیصلہ کیا، جو قلندرز کے بلے بازوں نے غلط ثابت کر دیا لاہور قلندرز نے مقررہ 13 اوورز میں محمد نعیم اور پرویز حسین کی دھواں دھار بیٹنگ کی بدولت 5 وکٹوں کے نقصان پر 185 رنز کا بڑا مجموعہ ترتیب دیا۔ محمد نعیمنے 60 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ جبکہ پرویز حسین 45 رنز بنا کر نمایاں رہے۔ دیگر بلے بازوں میں عبداللہ شفیق نے 33 اور سکندر رضا نے 13 رنز کا حصہ ڈالا اور محمد اسماعیل نے عمدہ بولنگ کرتے ہوئے 2 وکٹیں حاصل کی۔
تاہم وہ قلندرز کی رن رفتار کو روکنے میں ناکام رہے ۔ دوسری جانب ملتان سلطان کے ایشٹن ٹرنر اور شان مسعود کی کوششیں بڑے ہدف کے تعاقب میںرائیگاں گئیں اور ملتان سلطانز کی ٹیم مقررہ اوورز میں 5 وکٹوں پر 165 رنز ہی بنا سکی۔ ملتان سلطان کے کپتان ایشٹن ٹرنر نے 52 رنز کی مزاحمتی اننگز کھیلی جبکہ شان مسعود 44 رنز بنا کر نمایاں رہے۔
نوجوان کھلاڑی عرفات منہاس نے 25 رنز اسکور کیے لیکن ٹیم کو جیت نہ دلا سکے۔ بنگلہ دیشی اسٹار مستفیض الرحمان نے نپی تلی بولنگ کی اور 2 اہم وکٹیں حاصل کر کے اپنی ٹیم کی فتح میں کلیدی کردار ادا کیا۔