ایران کے پاسدارانِ انقلاب نے دعویٰ کیا ہے کہ ان کی فضائی دفاعی فورسز نے ایک بڑی کارروائی کے دوران امریکی اور اسرائیلی فضائیہ کے 3 جدید لڑاکا طیارے، 2 کروز میزائل، 2 ہیلی کاپٹر اور 3 ڈرونز مار گرائے ہیں، امریکا حکام نے بھی تصدیق کر دی ہے۔
ایرانی حکام نے اس دن کو دشمن کی فضائیہ کے لیے ’یومِ سیاہ‘ قرار دیتے ہوئے ایک امریکی پائلٹ کو گرفتار کرنے کا بھی سنسنی خیز دعویٰ کیا ہے۔
پاسدارانِ انقلاب کی جانب سے جاری کردہ تفصیلات کے مطابق، ایک جدید امریکی ایف 35 طیارہ وسطی ایران کی حدود میں گرایا گیا، جبکہ اے 10 لڑاکا طیارہ جنوبی تہران میں آبنائے ہرمز کے قریب نشانہ بنا۔ اس کے علاوہ ایران نے امریکی ایف 15 طیارے کو بھی کامیابی سے نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں:اسرائیل کا ایران پر حملہ، 70 سے زائد شہری شہید، ایران کی جوابی کارروائی جاری، خلیجی ممالک میں امریکی اڈوں پر میزائل حملے
رپورٹ کے مطابق ان کارروائیوں کے دوران ایک امریکی پائلٹ کو حراست میں لے لیا گیا ہے جس سے مزید تحقیقات جاری ہیں۔ ادھر عالمی میڈیا کے مطابق ایران نے تباہ طیاروں کے پائلٹس کو ریسکیو کرنے کے لیے گئے 2 ہیلی کاپٹرز کو بھی مار گرایا ہے۔
فضائی دفاعی فورسز نے ملک کے متعدد صوبوں میں اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کرتے ہوئے خمین اور زنجان کے علاقوں میں 2 کروز میزائلوں کو فضا میں ہی تباہ کر دیا۔ اسی طرح اصفہان میں 2 جدید ایم کیو 9 ڈرونز اور بوشہر کے مقام پر ایک ہرمیس ڈرون کو مار گرایا گیا۔
پاسدارانِ انقلاب کے ترجمان کا کہنا ہے کہ یہ تمام کامیابیاں ایران کے نئے اور انتہائی جدید فضائی دفاعی نظام کی مرہونِ منت ہیں، جس نے دشمن کے جدید ترین جنگی آلات کو ناکارہ بنا کر رکھ دیا ہے۔
ایرانی حکام نے مزید کہا کہ فضائی دفاعی فورسز کسی بھی قسم کی جارحیت کا جواب دینے کے لیے ہمہ وقت تیار ہیں اور ملک کی فضائی حدود کی خلاف ورزی کرنے والے ہر دشمن کو اسی طرح کے عبرت ناک انجام کا سامنا کرنا پڑے گا۔
مزید پڑھیں:اسرائیل کیخلاف جوابی کارروائی، ایران میں جشن کا سماں، فوج کے حق میں نعرے بازی
2026 کے اس ہنگامی حالات میں ایران کی جانب سے ان طیاروں کی تباہی نے خطے میں جاری کشیدگی کو ایک نئی اور خطرناک نہج پر پہنچا دیا ہے، جس کے عالمی سطح پر گہرے اثرات مرتب ہونے کا خدشہ ہے۔

