سینئر صحافی اور تجزیہ کار انیق ناجی نے کہا ہے کہ پاکستان اپنی مؤثر اور متوازن سفارتکاری کے ذریعے ایران اور امریکا کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی کو کم کرنے کی بھرپور کوششیں کر رہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پاکستان کی یہ کوششیں اس لیے تیز کی جا رہی ہیں تاکہ امریکا کی مقرر کردہ ڈیڈ لائن ختم ہونے سے پہلے ایران اور امریکا کے درمیان ممکنہ حل یا جنگ بندی طے پا سکے اور دنیا ایک بڑے بحران سے بچ جائے۔
انیق ناجی نے کہا کہ اس حساس معاملے میں فیلڈ مارشل عاصم منیر کا کردار غیر معمولی ہے، جنہوں نے دونوں فریقین کے ساتھ مسلسل رابطے برقرار رکھے اور پاکستان کے موقف کو عالمی سطح پر مؤثر انداز میں پیش کیا۔
انہوں نے کہا کہ اگرچہ فیصلہ آخرکار ایران اور امریکا پر ہے، تاہم پاکستان اپنے مضبوط تعلقات اور سنجیدہ سفارتکاری کے ذریعے خطے میں امن قائم کرنے کی کوشش کر رہا ہے۔
پاکستان کی یہ حکمت عملی نہ صرف کشیدگی کم کرنے میں مددگار ثابت ہو رہی ہے بلکہ عالمی سطح پر پاکستان کی ساکھ میں بھی اضافہ کر رہی ہے،انہوں نے کہا کہ اس پیش رفت سے دنیا کو ایک بڑے تصادم سے بچانے میں مدد مل سکتی ہے اور خطے میں دیرپا امن اور استحکام کے لیے راہ ہموار ہو سکتی ہے۔
انیق ناجی نے مزید کہا کہ اگر پاکستان کی یہ سفارتی کوششیں کامیابی سے آگے بڑھیں تو یہ نہ صرف ایران اور امریکا کے درمیان کشیدگی ختم کرنے کا باعث بنے گی بلکہ پاکستان کو عالمی سطح پر ایک مؤثر ثالث کے طور پر مزید تسلیم کروائے گی۔
انہوں نے امید ظاہر کی کہ آنے والے دنوں میں دونوں ممالک کے درمیان مثبت پیش رفت دیکھنے کو ملے گی اور خطے میں امن و استحکام کے امکانات مزید روشن ہوں گے۔