بورڈ آف انٹرمیڈیٹ اینڈ سیکنڈری سکول کراچی میں میٹرک امتحانات اس سال نئے گریڈنگ سسٹم، او ایم آر اور ای مارکنگ پالیسی کے تحت منعقد ہوں گے، جس کے باعث طلبہ کو پرچہ حل کرتے وقت خصوصی احتیاط برتنے کی ہدایت کی گئی ہے۔
بورڈ کی طرف سے طلبہ کو ہدائت کی گئی ہے کہ طلبہ اپنے چھ ہندسوں پر مشتمل رول نمبر اور پانچ ہندسوں کا پیپر کوڈ درست اور واضح لکھیں۔ ایم سی کیوز کے جوابات دیتے وقت ببلز کو مکمل اور صاف بھرنا ضروری ہے، کیونکہ ایک سے زیادہ ببل بھرنے یا خالی چھوڑنے کی صورت میں جواب غلط تصور کیا جائے گا۔
طلبہ کو چاہیے کہ پرچہ شروع کرنے سے پہلے تمام ہدایات غور سے پڑھیں اور جلد بازی سے گریز کریں۔ کاپی پر موجود بارکوڈ اور کیو آر کوڈ پر کسی قسم کی تحریر نہ کریں کیونکہ اس سے کاپی مسترد ہو سکتی ہے۔
مزید ہدایات کے مطابق سیکشن بی کا ہر جواب ایک ہی صفحے پر لکھا جائے، جبکہ سیکشن سی کے جوابات دو صفحات سے زیادہ پر نہ لکھے جائیں۔ اس سال طلبہ کو بی یا سی کاپی فراہم نہیں کی جائے گی، اس لیے دی گئی جگہ کے اندر ہی جواب مکمل کرنا ہوگا۔
طلبہ کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ لائن کے اندر رہ کر لکھیں، کیونکہ لائن سے باہر لکھا گیا متن چیک نہیں کیا جائے گا۔ اسی طرح امتحان کے دوران انک پین کے استعمال پر پابندی عائد ہے، جبکہ صرف سیاہ یا نیلے بال پین کے استعمال کی اجازت ہوگی۔
ماہرین کے مطابق ان ہدایات پر عمل کر کے طلبہ نہ صرف غلطیوں سے بچ سکتے ہیں بلکہ بہتر نمبر حاصل کرنے کے امکانات بھی بڑھا سکتے ہیں۔