ٹیکنالوجی کی معروف کمپنی سام سنگ نے اعلان کیا ہے کہ اس کے اسمارٹ فونز میں پہلے سے موجود ڈیفالٹ میسجنگ ایپ (Samsung Messages) کو جلد ہی بند کر دیا جائے گا۔
اس اقدام کا مقصد صارفین کو نئی اور بہتر میسجنگ سہولت کی طرف راغب کرنا ہے، کیونکہ کمپنی نے تازہ ماڈلز میں گوگل میسجز ایپ کو پہلے سے انسٹال کیا ہوا ہے۔
کمپنی ویب سائٹ پر شائع ہونے والے نوٹس میں سام سنگ نے واضح کیا ہے کہ سام سنگ میسجز ایپ کو جولائی 2026 میں مکمل طور پر غیر فعال کر دیا جائے گا۔
کمپنی کے مطابق یہ تبدیلی حیران کن نہیں ہے، کیونکہ گوگل میسجز ایپ میں جدید خصوصیات، بہتر انٹرفیس اور مسلسل اپ ڈیٹس دستیاب ہیں ، اسی وجہ سے سام سنگ صارفین کو مشورہ دیا جا رہا ہے کہ وہ جلد از جلد گوگل میسجز کو اپنی ڈیفالٹ ٹیکسٹنگ ایپ کے طور پر منتخب کر لیں، تاکہ مواصلاتی عمل میں کسی قسم کی دشواری نہ ہو۔
نوٹس میں صارفین کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ ایپ کی غیر فعال ہونے کی حتمی تاریخ معلوم کرنے کے لیے اپنے فون میں موجود میسجز ایپ کو چیک کریں۔ اس کے ذریعے وہ اپنی ڈیوائس پر موجود شیڈول یا انتباہات دیکھ کر بہتر طور پر تیار رہ سکتے ہیں۔
اس تبدیلی کا اطلاق ان فونز پر نہیں ہوگا جن میں Android 11 یا اس سے پرانا ورژن انسٹال ہے، ایسے ڈیوائسز پر میسجز ایپ اسی طرح دستیاب رہے گی اور صارفین کو اس سہولت میں کسی قسم کی تبدیلی کا سامنا نہیں کرنا پڑے گا۔
سام سنگ کی جانب سے یہ واضح کیا گیا ہے کہ صارفین کو میسجنگ کی بہترین اور محفوظ سہولت فراہم کرنے کے لیے گوگل میسجز ایک موزوں متبادل ہے، جو نئے فیچرز اور بہتر سپورٹ کے ساتھ آتا ہے ۔
کمپنی نے مزید بتایا ہے کہ گوگل میسجز پر منتقل ہونے سے صارفین کو جدید چیٹنگ فیچرز، بهتر سپیم فلٹرنگ اور جدید رابطے کے امکانات دستیاب ہوں گے، جو Samsung Messages میں ابھی تک دستیاب نہیں تھے۔
یہ اقدام کمپنی کی جانب سے صارفین کے تجربے کو بہتر بنانے کی کوششوں کا حصہ ہے، تاکہ وہ جدید اور صارف دوست سہولیات سے بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
صارفین سے درخواست کی گئی ہے کہ وہ جلد از جلد گوگل میسجز کو اپنے فون میں ڈیفالٹ ایپ کے طور پر سیٹ کر لیں، تاکہ ایپ کے بند ہونے کے بعد کسی قسم کی تکلیف یا ڈیٹا کی پریشانی کا سامنا نہ کرنا پڑے۔