پٹرول کی بڑھتی قیمتوں نے شہریوں کو متبادل سفری ذرائع تلاش کرنے پر مجبور کر دیا ہے، جس کے نتیجے میں الیکٹرک سکوٹرز کی مقبولیت میں تیزی سے اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
ان جدید سکوٹرز کی نسبتاً زیادہ قیمت اب بھی خریداروں کے لیے ایک بڑی رکاوٹ بنی ہوئی ہے، جس کی وجہ سے بہت سے افراد دلچسپی کے باوجود خریداری نہیں کر پارہے لیکن اس مسئلے کے حل کے لیے ایک نجی بینک نے صارفین کو سہولت فراہم کرنے کے مقصد سے الیکٹرک سکوٹرز کو آسان اقساط پر فراہم کرنے کی نئی پیشکش متعارف کرائی ہے۔
اس اقدام کا مقصد زیادہ سے زیادہ افراد کو ماحول دوست اور کم خرچ سواری کی طرف راغب کرنا ہے، تاکہ وہ مہنگے پیٹرول سے نجات حاصل کر سکیں۔
اس منصوبے کے تحت معروف کمپنی کے الیکٹرک سکوٹرز ابتدائی چھ ماہ تک بغیر کسی اضافی منافع کے حاصل کیے جا سکتے ہیں، جس سے صارفین کو مالی بوجھ میں نمایاں کمی ملتی ہے، یہ سہولت خاص طور پر ان افراد کے لیے فائدہ مند ہے جو یکمشت بڑی رقم ادا کرنے کی استطاعت نہیں رکھتے۔
بینک الفلاح نے YADEA الیکٹرک سکوٹرز کو قسطوں کی اسکیم کے تحت متعارف کروایا ہے، جس میں پہلے چھ ماہ کے لیے صفر فیصد مارک اپ کی سہولت فراہم کی گئی ہے، اس اسکیم کے ذریعے صارفین آسانی سے اپنی پسند کا سکوٹر خرید سکتے ہیں اور اسے ماہانہ اقساط میں ادا کر سکتے ہیں۔
بینک کی اس نئی پیشکش میں نہ صرف ڈاؤن پیمنٹ کا بوجھ کم کیا گیا ہے بلکہ صارفین کو اپنی سہولت کے مطابق ادائیگی کی مدت منتخب کرنے کا اختیار بھی دیا گیا ہے، وہ افراد جو کم ماہانہ اقساط چاہتے ہیں، ان کے لیے طویل مدت کی ادائیگی کا آپشن بھی دستیاب ہے۔
واضح رہے کہ صفر فیصد مارک اپ کی سہولت صرف 3 اور 6 ماہ کی قسطوں کے لیے دستیاب ہے، جبکہ یہ پروموشن محدود مدت کے لیے پیش کی گئی ہے اور سکوٹرز کی فراہمی اسٹاک کی دستیابی سے مشروط ہے ، یہ پیشکش ایسے وقت میں سامنے آئی ہے جب عوام سستی اور پائیدار ٹرانسپورٹ کے متبادل کی تلاش میں ہیں۔