خیبر پختونخوا حکومت نے صوبے کے رجسٹرڈ بائیک اور اسکوٹر مالکان کے لیے اہم ریلیف پیکیج کا اعلان کیا ہے،وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے احساس فیول سپورٹ اسکیم کے تحت تمام اہل صارفین کو ماہانہ 2000روپے فیول سبسڈی فراہم کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
اس اقدام کا مقصد عوام کی روزمرہ آمدنی پر دباؤ کم کرنا اور موٹر سائیکل و اسکوٹر استعمال کرنے والوں کو سہولت فراہم کرنا ہے۔حکومت نے اس کے علاوہ بائیک اور اسکوٹر کے ٹرانسفر کی فیس بھی مکمل طور پر معاف کر دی ہے تاکہ صارفین کو اضافی مالی بوجھ نہ اٹھانا پڑے اور سبسڈی کے حصول میں رکاوٹ نہ آئے۔
اس اسکیم کے تحت سبسڈی براہِ راست جاز کیش کے ذریعے موصول ہوگی، اور صرف وہی مالکان اہل ہوں گے جن کی گاڑیاں اپنے نام پر رجسٹرڈ اور تصدیق شدہ ہوں۔سبسڈی حاصل کرنے کے لیے عوام کو دستک ایپ گوگل پلے سٹور یا ایپ سٹور سے ڈاؤن لوڈ کر کے ایپ میں لاگ ان کرنا ہوگا یا نیا اکاؤنٹ بنانا ہوگا۔
اپنے موٹر سائیکل یا اسکوٹر کا رجسٹریشن نمبر اور چیسس نمبر درج کرنے کے بعد شناختی کارڈ، بائیک کارڈ اور گاڑی کی تصاویر اپ لوڈ کر کے درخواست جمع کرانی ہوگی، پھر قریبی سینٹر پر بائیو میٹرک ویریفکیشن مکمل کرنے کے بعد منظوری کے بعد ماہانہ دو ہزار روپے سبسڈی حاصل کی جا سکے گی۔
واضح رہے کہ یہ سہولت صرف ان مالکان کے لیے دستیاب ہوگی جن کی موٹر سائیکل یا اسکوٹر ان کے اپنے نام پر رجسٹرڈ ہو، اور یہ اسکیم موجودہ ماہ کے لیے نافذ العمل ہے۔ وزیراعلیٰ سہیل آفریدی نے عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد درخواست جمع کرائیں تاکہ سبسڈی اور دیگر سہولیات سے مستفید ہو سکیں اور حکومت اس اقدام کے ذریعے عوام کی مالی معاونت کو یقینی بنا رہی ہے۔