وفاقی دارالحکومت میں آن لائن فراڈ کا ایک سنگین واقعہ سامنے آیا ہے جس میں ہیکر نے شہری کا واٹس ایپ ہیک کرکے اس کے دوست احباب سے پیسے ادھار مانگ کرلیے، متاثرہ شہری نے اس حوالے سے متعلقہ حکام کو درخواست دے کر کارروائی کا مطالبہ کر دیا ہے۔
متاثرہ شہری کا کہنا ہے کہ 6 اپریل 2026 کو صبح تقریباً ساڑھے دس بجے اسے ایک نامعلوم نمبر سے واٹس ایپ پرکال موصول ہوئی، کال کرنے والے نے شہری کو مختلف طریقوں سے اعتماد میں لیا اور اس کا واٹس ایپ ہیک کیا اور بعد ازاں اسے مزید رابطے کے لیے ایک اور نمبرفراہم کیا۔
متاثرہ شہری کے مطابق ملزمان نے موبائل سم میں موجود رابطہ نمبروں تک رسائی حاصل کی اور مختلف لوگوں کو متاثرہ شہری کا نام بتا کر میسج کر کے رقم اپنے اکائونٹ میں منتقل کروائی،ہیکر نے مختلف افراد سے مجموعی طور پر 509,900 روپے کی رقم اپنے اکائونٹ میں منتقل کرائی۔
متاثرہ شہری کے مطابق یہ تمام لین دین مختلف موبائل نمبرز کے ذریعے کیا گیا اور ہیکر نے منظم انداز میں شہری کو دھوکہ دے کر رقم حاصل کی، متاثرہ شخص نے مؤقف اپنایا کہ اسے بعد میں احساس ہوا کہ وہ ایک منظم فراڈ کا شکار ہو چکا ہے۔
متاثرہ شخص نے حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ اس معاملے کی مکمل تحقیقات کی جائیں اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کارروائی عمل میں لائی جائے تاکہ نہ صرف اس کی رقم کی بازیابی ممکن ہو سکے بلکہ آئندہ کسی اور شہری کو اس طرح کے فراڈ کا سامنا نہ کرنا پڑے۔
آن لائن اور فون کالز کے ذریعے ہونے والے اس قسم کے فراڈ میں اضافہ تشویشناک ہے، متاثرہ شہری نے متعلقہ حکام سے اپیل کی ہے کہ ایسے ہیکرز اور دھوکے بازوں کے خلاف سخت کارروائی کی جائے تاکہ آئندہ کوئی شہری اس فراڈ کا شکار نہ ہو۔