پا کستان سپر لیگ (پی ایس ایل) میں شرجیل خان نے ایک مضبوط کم بیک کے عزم کا اظہار کرتے ہوئے انکشاف کیا ہے کہ انہوں نے گزشتہ دو برسوں میں اپنی فٹنس پر بھرپور توجہ دیتے ہوئے 28 کلو وزن کم کیا۔
تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی سے گفتگو میں شرجیل خان کا کہنا تھا کہ لیگ سے دو سال کی دوری ان کے لیے ایک بڑا چیلنج تھی، تاہم انہوں نے اس عرصے کو اپنی فٹنس بہتر بنانے اور کھیل کو مزید نکھارنے کے لیے استعمال کیا۔ ان کے مطابق طویل وقفے کے بعد فوراً بہترین کارکردگی دکھانا آسان نہیں ہوتا، لیکن انہوں نے بھرپور تیاری کے ساتھ کم بیک کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ اس دوران انہیں یہ احساس بھی ہوا کہ پروفیشنل کرکٹ میں طویل عرصے تک کھیلنے کے لیے کس نوعیت کی فٹنس اور روٹین ضروری ہوتی ہے، اور یہ سمجھ ان کے کیریئر کے لیے نہایت اہم ثابت ہوئی۔
شرجیل خان کے مطابق انہوں نے ایک پروفیشنل ٹرینر اور ڈائیٹیشن کی مدد حاصل کی، جس سے نہ صرف وزن کم کرنے میں کامیابی ملی بلکہ ایک بہتر طرزِ زندگی اپنانے میں بھی مدد ملی۔ اس دوران وہ ڈومیسٹک کرکٹ اور مختلف لیگز میں حصہ لیتے رہے تاکہ خود کو مقابلے کے لیے تیار رکھ سکیں۔
اپنی ٹیم حیدرآباد کنگزمین کی کارکردگی پر بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ٹیم نئی ہے اور کمبی نیشن سیٹ ہونے میں وقت لگتا ہے، تاہم امید ہے کہ کراچی مرحلے میں کارکردگی بہتر ہوگی۔ ان کا کہنا تھا کہ ٹیم کو صرف ایک جیت درکار ہے، جس کے بعد مومنٹم بدل سکتا ہے۔
بیٹنگ پوزیشن میں تبدیلی کے حوالے سے انہوں نے بتایا کہ ٹیم کی ضرورت کے مطابق انہوں نے مڈل آرڈر میں کھیلنے کی تیاری کی اور اس کے لیے ڈیڑھ ماہ پہلے سے پریکٹس شروع کر دی تھی۔
ذاتی اہداف کے بارے میں شرجیل خان کا کہنا تھا کہ ان کا بنیادی مقصد ٹیم کی جیت میں کردار ادا کرنا ہے، اور وہ ٹورنامنٹ میں کم از کم تین سے چار میچز میں میچ وننگ کارکردگی دکھانا چاہتے ہیں۔
شائقین کی کمی پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں کراؤڈ ہمیشہ ٹیموں کے لیے توانائی کا ذریعہ ہوتا ہے اور امید ہے کہ آئندہ میچز میں شائقین کی واپسی ہوگی۔
انہوں نے مزید کہا کہ پی ایس ایل نوجوان اور سینئر دونوں کھلاڑیوں کے لیے خود کو منوانے اور کم بیک کرنے کا بہترین پلیٹ فارم ہے، اور وہ اس موقع سے بھرپور فائدہ اٹھانے کے لیے پرعزم ہیں۔
مزید پڑھیں: پی ایس ایل 11، پشاور زلمی نے حیدر آبادکنگز مین کو دلچسپ مقابلےکے بعد 4 وکٹوں سے ہرادیا

