اسلام آباد ہائی کورٹ کا بشریٰ بی بی کیس میں بڑا حکم، معاملہ جیل حکام کے سپرد

اسلام آباد ہائی کورٹ کا بشریٰ بی بی کیس میں بڑا حکم، معاملہ جیل حکام کے سپرد

اسلام آباد ہائی کورٹ نے بشریٰ بی بی کو ذاتی معالج تک رسائی اور اہل خانہ سے ملاقات کی اجازت سے متعلق درخواست پر اہم پیش رفت کرتے ہوئے معاملہ جیل حکام کے سپرد کر دیا ہے۔

عدالت نے اڈیالہ جیل کے سپرنٹنڈنٹ کو ہدایت جاری کی ہے کہ بشریٰ بی بی کی بیٹی کی جانب سے دائر درخواست پر دو روز کے اندر فیصلہ کیا جائے اور اس فیصلے کو وجوہات سمیت تحریری شکل میں ریکارڈ پر لایا جائے۔ ساتھ ہی عدالت نے جیل سپرنٹنڈنٹ کو 6 مئی کو ذاتی حیثیت میں طلب کر لیا ہے تاکہ وہ اس حوالے سے پیش رفت سے آگاہ کریں۔

سماعت کے دوران درخواست گزار کی جانب سے وکیل سلمان اکرم راجہ عدالت میں پیش ہوئے اور مؤقف اختیار کیا کہ درخواست نہ صرف کوریئر کے ذریعے بلکہ ذاتی طور پر بھی جیل انتظامیہ کو جمع کرائی گئی ہے۔ عدالت نے اس موقع پر استفسار کیا کہ آیا جیل حکام کو باضابطہ درخواست موصول ہوئی ہے یا نہیں۔

یہ بھی پڑھیں:اسلام آباد میں بااثر حلقوں کو بڑا دھچکا، اہم سیاسی شخصیات اور بیوروکریٹس کے فلیٹس والی عمارت خالی کرانے کی تیاری

وکیل نے عدالت کو بتایا کہ بشریٰ بی بی کی 16 اور 17 اپریل کی درمیانی شب سرجری ہوئی تھی اور انہیں فوری طبی سہولیات اور ذاتی معالج تک رسائی کی ضرورت ہے۔ اس پر جسٹس ارباب محمد طاہر نے ریمارکس دیے کہ اس حوالے سے اطلاعات سوشل میڈیا پر بھی موجود ہیں اس لیے ضروری ہے کہ جیل حکام اس معاملے پر باقاعدہ فیصلہ کریں۔

عدالت نے قرار دیا کہ جیل حکام آئندہ سماعت سے قبل اس درخواست پر فیصلہ یقینی بنائیں۔ کیس کی مزید سماعت 6 مئی تک ملتوی کر دی گئی ہے جس میں پیش رفت رپورٹ عدالت کے سامنے پیش کی جائے گی۔

editor

Related Articles