پنجاب میں دستاویزات کی گمشدگی رپورٹ کے لیے “پنجاب پولیس پاکستان” ایپ تیار کر لی گئی ہے، جس کا افتتاح وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے کر دیا۔
اس نئی ایپ کے ذریعے پنجاب کے شہری اب شناختی کارڈ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس اور دیگر ضروری کاغذات کی گمشدگی کی رپورٹ گھر بیٹھے درج کر سکتے ہیں۔ وزیراعلیٰ پنجاب نے اس سہولت کا باقاعدہ افتتاح کرتے ہوئے عوام کو جدید ٹیکنالوجی سے فائدہ اٹھانے کی دعوت دی۔
“پنجاب پولیس پاکستان” ایپ کے ذریعے صوبے بھر کے شہری قیمتی دستاویزات کی گمشدگی کی رپورٹ بغیر کسی دفتری کارروائی کے درج کرا سکیں گے۔
اس سہولت کے بعد شہریوں کو پولیس اسٹیشن یا خدمت مرکز جانے کی ضرورت نہیں رہے گی۔ مزید یہ کہ ایپ پر اندراج کے بعد گمشدگی رپورٹ بھی شہریوں کو گھر پر ہی موصول ہو جائے گی۔
وزیراعلیٰ مریم نواز شریف نے ایپ کے اجراء پر اطمینان کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے عوام کے لیے آسانی پیدا کرنا حکومت کا عزم ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ پنجاب کو جدت کی راہ پر گامزن کرنا حکومت کی اولین ترجیح ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ اس ایپ کے ذریعے گمشدگی رپورٹ درج کرانے سے شہریوں کے وقت اور وسائل دونوں کی بچت ممکن ہوگی۔