حکومت نے پیٹرول کی بڑھتی ہوئی قیمتوں سے متاثرہ موٹر سائیکل سواروں کو ریلیف فراہم کرنے کے لیے بائیک فیول سبسڈی اسکیم کا باقاعدہ طریقہ کار جاری کر دیا ہے۔
اس اسکیم کے تحت مستحق شہریوں کو ایندھن کی مد میں مالی رعایت دی جائے گی، جس سے روزانہ سفر کرنے والے افراد کو نمایاں سہولت ملنے کی توقع ہے۔
حکام کے مطابق اس سبسڈی کے حصول کے لیے شہریوں کو پاک آسان خدمت ایپ استعمال کرنا ہوگی، اس ایپ کے ذریعے درخواست دینے کا عمل نہایت آسان اور شفاف بنایا گیا ہے تاکہ حقیقی حقداروں تک سہولت بروقت پہنچ سکے۔
نجی ٹی وی کے مطابق جاری کردہ تفصیلات کے مطابق درخواست گزاروں کو سب سے پہلے ایپ ڈاؤن لوڈ کرکے اپنا اکاؤنٹ بنانا ہوگا، جس کے لیے شناختی کارڈ نمبر اور موبائل نمبر درکار ہوگا۔
اس کے بعد صارفین ایپ میں موجود بائیک فیول سبسڈی اسکیم کے حصے میں جا کر اپنی موٹر سائیکل کا رجسٹریشن نمبر اور دیگر مطلوبہ معلومات درج کریں گے اور درخواست جمع کروائیں گے۔
حکام کا کہنا ہے کہ درخواست جمع ہونے کے فوراً بعد صارف کو تصدیقی پیغام موصول ہوگا، جبکہ وہ ایپ کے ذریعے اپنی درخواست کی صورتحال بھی بآسانی دیکھ سکیں گے، اس نظام کو مکمل طور پر شفاف رکھا گیا ہے تاکہ کسی بھی قسم کے غلط استعمال کی روک تھام کی جا سکے۔
واضح رہے کہ حالیہ دنوں میں پیٹرول کی قیمتوں میں کمی کے باوجود یہ اخراجات عام شہریوں کے لیے اب بھی بوجھ بنے ہوئے ہیں ایسے میں حکومت کی جانب سے متعارف کروائی گئی یہ سبسڈی اسکیم بائیک سواروں کے لیے ایک اہم ریلیف ثابت ہونے کی امید ہے۔