ظہران ممدانی اپنی قائدانہ صلاحیتوں اور دوستانہ طرز عمل کی بنا پر عوام میں خاصے مقبول ہیں، میئرشپ کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر انہوں نے ایک منفرد روایت قائم کی اور نیویارک سٹی ہال سے پیدل اپنے گھر کا بغیر پروٹوکول کے کیا 6 میل کا سفر طے کیا ۔
اس دوران شہریوں نے انہیں اپنے درمیان چلتے ہوئے دیکھا اور خوشگوار حیرت کا اظہار کیا، ظہران ممدانی نے راستے میں لوگوں سے مل کر سیلفیاں بنائیں اور شہریوں کے ساتھ دوستانہ گفتگو کی، جس سے عوام میں خوشی کی لہر دوڑ گئی اور میڈیا بھی اس منفرد انداز پر توجہ مرکوز کرنے میں کامیاب رہا۔
میئر نیویارک اپنی حلف برداری کے 100 دن مکمل ہونے کے موقع پر ایک ریلی بھی منعقد کریں گے،یہ تقریب اتوار، 12 اپریل کو ناک ڈاؤن سینٹر میں ہوگی، جو میسپیتھ کے علاقے کا ایک لائیو میوزک وینیو ہے۔
ریلی میں ظہران ممدانی اپنی حکومت کے پہلے تین مہینوں کا جائزہ پیش کریں گے اور آئندہ کے منصوبوں پر روشنی ڈالیں گے، جبکہ اسٹیج پر مختلف نیویارکرز بھی ان کے ساتھ موجود ہوں گے۔
تقریب میں ان کی کامیاب پروجیکٹس، جیسے چائلڈ کیئر پروگرامز کی توسیع، سڑکوں کی حفاظت کے منصوبے (پوتھول بِلٹز)، اور کرایہ داری میں بے ضابطگیوں پر مکان مالکان کے خلاف قانونی کارروائیاں، بھی اجاگر کی جائیں گی۔
اس موقع پر شہر کے فائر فائٹرز، پولیس، صفائی کے عملے اور دیگر سرکاری ملازمین کے ساتھ شہر بھر کے منتخب نمائندے بھی شریک ہوں گے،34 سالہ ظہران ممدانی، جو نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ہونے کے ساتھ شہر کے کم عمر ترین میئرز میں شامل ہیں انہوں نے عہدہ سنبھالنے کے بعد کئی بڑے سیاسی چیلنجز کا کامیابی سے سامنا کیا ہے اور عوام میں اپنی مقبولیت برقرار رکھی ہے۔