نیو یارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کا پاکستان کی خوبصورتی کا برملا اعتراف

نیو یارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی کا پاکستان کی خوبصورتی کا برملا اعتراف

نیو یارک: امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کے بعد نیو یارک کے نومنتخب میئر ظہران ممدانی نے بھی پاکستان سے اپنی محبت اور وابستگی کا کھل کر اظہار کرتے ہوئے پاکستان کی خوبصورتی کا برملا اعتراف کیا ہے۔ میئر ظہران ممدانی کا کہنا ہے کہ انہوں نے ماضی میں ایک بار لاہور کا سفر کیا تھا اور لاہور ایک انتہائی خوبصورت اور دلکش شہر ہے۔

حلف برداری کے بعد میئر ظہران ممدانی کی ملاقات لاہور سے تعلق رکھنے والی پاکستانی خاتون ثمینہ سے ہوئی، جس دوران دونوں کے درمیان ہونے والی گفتگو نے محفل کو جذباتی بنا دیا۔ اس ملاقات کو بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے مثبت کردار اور پاکستان کے حقیقی سفیروں کی عکاسی قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:نیویارک کے نو منتخب میئر ظہران ممدانی کی ڈونلڈ ٹرمپ سے ملاقات، نیتن یاہو کی گرفتاری سے متعلق بات نہیں ہوئی: ٹرمپ 

پاکستانی شہری ثمینہ نے ظہران ممدانی کو نیو یارک کا میئر منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ’آپ کا رویہ اور لوگوں کے لیے دلی ہمدردی قابلِ تقلید ہے‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’ایسی دنیا میں جہاں لوگ متحد نہیں، آپ لوگوں کے دلوں میں نرمی پیدا کر رہے ہیں، جس پر میں آپ کی شکر گزار ہوں‘۔

ثمینہ کا کہنا تھا کہ ’اس مشکل وقت میں آپ ہمارے لیے روشنی اور امید کی کرن بن کر سامنے آئے ہیں‘۔ انہوں نے جذباتی انداز میں کہا کہ ’جب میں نیو یارک سے باہر جاتی ہوں تو مجھے لوگوں کے چہروں پر خوشی اور اطمینان نظر آتا ہے، اور یہ سب آپ کی قیادت کی وجہ سے ہے‘۔

پاکستانی خاتون نے مزید کہا کہ ’آپ کی وجہ سے نیو یارک کی خوبصورتی دوبالا ہو چکی ہے، آپ جیسے لوگ اللہ تعالیٰ کی طرف سے ایک نعمت اور تحفہ ہیں‘۔ ان جذباتی کلمات کے دوران میئر ظہران ممدانی آبدیدہ ہو گئے اور انہوں نے ثمینہ کے جذبات کو خلوص اور محبت کی علامت قرار دیا۔

مزید پڑھیں:نیویارک کے پہلے مسلمان میئر ظہران ممدانی کی تاریخی کامیابی کےپیچھے کون ہے ؟

ملاقات کے دوران ہونے والی گفتگو سے واضح طور پر یہ تاثر ملا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانی نہ صرف پاکستان کی مثبت تصویر پیش کر رہے ہیں بلکہ میزبان ممالک میں بھی محبت، رواداری اور اتحاد کا پیغام پھیلا رہے ہیں۔ اسی طرح ظہران ممدانی کی پاکستان سے محبت اور لاہور کے بارے میں مثبت خیالات دونوں قوموں کے درمیان قربت اور احترام کی عکاسی کرتے ہیں۔

Related Articles