عظمیٰ بخاری نے اداکارہ فضا علی کی شوہر کے ساتھ وائرل ہونے والی ویڈیو پر سخت ردعمل دیتے ہوئے کہا ہے کہ ریٹنگز کے لیے حد سے تجاوز کرنا افسوسناک ہے۔
ایک حالیہ انٹرویو میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ فضا علی کو ریٹنگز حاصل کرنے کے لیے ہر حد تک جانے کا پرانا شوق ہے اور وہ اسی روش کو جاری رکھے ہوئے ہیں، انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ نہ صرف قابلِ افسوس ہے بلکہ اس پر پیمرا کو سخت ترین نوٹس لینا چاہیے۔
انہوں نے سوال اٹھایا کہ ایسی صورتحال میں ذاتی اخلاقیات کہاں چلی جاتی ہیں، خاص طور پر جب یہ سب کچھ کیمرے کے سامنے کیا جائے، ان کا کہنا تھا کہ ایک کم عمر بچی کی موجودگی میں اس طرح کا رویہ اختیار کرنا مناسب نہیں۔
صوبائی وزیر اطلاعات نے مزید کہا کہ پروگرام کے دوران ہونے والے اس واقعے کو جان بوجھ کر نشر کیا گیا، حالانکہ اسے آسانی سے ایڈٹ یا روک بھی لیا جا سکتا تھا،انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ ریٹنگز کے حصول کے لیے کسی بھی حد تک جانے کی روش اپنائی جا رہی ہے۔
عظمیٰ بخاری کا کہنا تھا کہ فضا علی اپنی ذاتی زندگی میں خوش ہیں تو یہ اچھی بات ہے، لیکن اس کا یہ مطلب نہیں کہ عوامی سطح پر غیر مناسب حرکات کی جائیں، انہوں نے اس پورے واقعے پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ یہ سب دیکھ کر انہیں شدید دکھ ہوا۔