محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں موسم خشک جبکہ چند مقامات پر بارش کی پیشگوئی کی گئی ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں موسم جزوی طور پر ابر آلود رہنے کی توقع ہے، جبکہ شہر کے مختلف علاقوں میں کہیں کہیں بارش کا امکان ہے۔
خیبرپختونخوا کے بیشتر اضلاع میں عمومی طور پر موسم خشک رہنے کا امکان ظاہر کیا گیا ہے، تاہم چترال، دیر، سوات، کالام، بونیر، مالاکنڈ، بٹگرام، مانسہرہ، ایبٹ آباد، بالاکوٹ، ہری پور، مردان، نوشہرہ، پشاور، کرم، صوابی، چارسدہ، کوہاٹ اور ہنگو سمیت مختلف علاقوں میں چند مقامات پر بارش متوقع ہے، جس سے درجہ حرارت میں عارضی کمی آ سکتی ہے۔
اسی طرح صوبہ پنجاب کے زیادہ تر اضلاع میں موسم خشک رہنے کی پیشگوئی کی گئی ہے، تاہم مری، گلیات، راولپنڈی، اٹک، چکوال، جہلم، گجرات، گوجرانوالہ، حافظ آباد، سیالکوٹ اور نارووال میں کہیں کہیں بارش ہونے کا امکان موجود ہے۔
دوسری جانب سندھ اور بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں آئندہ 24 گھنٹوں کے دوران موسم خشک رہنے کی توقع ہے، جس کے باعث درجہ حرارت میں اضافہ ہوسکتا ہے۔
ادھر کراچی میں گرمی پھر سے لوٹ ائی جہاں دن کے وقت موسم گرم جبکہ شہر میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 34 سے 36 ڈگری سینٹی گریڈ کے درمیان رہ سکتا ہے، جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 23.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا ہے۔
مزید برآں مجموعی طور پر ملک کے مختلف حصوں میں موسم کی یہ صورتحال آئندہ دنوں میں بھی برقرار رہنے کا امکان ہے۔