پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے الجزیرہ کو د ئیے گئے ایک انٹرویو میں کہا ہے کہ دنیا بھر کی نظریں اس وقت اسلام آباد میں ہونے والے مذاکرات پر مرکوز ہیں اور ان مذاکرات کی میزبانی پاکستان کے لیے ایک بڑی سفارتی کامیابی ہے
۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ امید ہے کہ یہ جنگ بندی خطے میں جاری تنازعات کے مستقل حل کی بنیاد ثابت ہوگی۔ انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ امریکا اور ایران کی قیادت کا مذاکرات پر آمادہ ہونا ایک مثبت پیش رفت ہے، جس پر دونوں فریقین کے مشکور ہونا چاہیے۔ انہوں نے کہا کہ چین، سعودی عرب سمیت دیگر ممالک نے بھی امن عمل میں اہم کردار ادا کیا ہے،
جبکہ اس تنازعے کے باعث نہ صرف ایران بلکہ پورا مشرق وسطیٰ متاثر ہوا ہے۔ایک اور انٹرویو میں بلاول بھٹو نے کہا کہ فریقین کو مذاکرات کی میز پر لانا پاکستان کی اہم کامیابی ہے ۔
انہوں نے یہ بھی کہا کہ ایران کے ساتھ جاری کشیدگی نے یہ واضح کر دیا ہے کہ اس مسئلے کا کوئی عسکری حل موجود نہیں، بلکہ اس کا واحد راستہ سفارت کاری اور بات چیت ہے۔بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ پاکستان کا کردار اس پورے عمل میں ایک ذمہ دار ثالث کا ہے، جو خطے میں امن اور استحکام کے فروغ کے لیے مسلسل کوششیں کر رہا ہے۔