پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2  پائلٹ شہید

پاک فضائیہ کا تربیتی طیارہ گر کر تباہ، 2  پائلٹ شہید

پاکستان فضائیہ کا ایک تربیتی طیارہ معمول کی تربیتی پرواز کے دوران آج مردان کے قریب حادثے کا شکار ہو کر گر کر تباہ ہوگیا، جس کے نتیجے میں دو پائلٹ شہید ہوگئے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق حادثے میں پاکستان فضائیہ کے فلائٹ لیفٹیننٹ محمد قاسم عبداللہ اور پاکستان نیوی کے لیفٹینننٹ طٰہٰ عباسی نے جامِ شہادت نوش کیا۔

یہ بھی پڑھیں:آذر بائیجان طیارہ تباہ ہونے سے قبل کلمہ پڑھنے والا مسافر زندہ بچ گیا

آئی ایس پی آر نے بتایا کہ حادثے کی وجوہات کا تعین کرنے کے لیے فضائیہ کے ہیڈکوارٹرز کی جانب سے ایک اعلیٰ سطح کی تحقیقاتی بورڈ تشکیل دے دیا گیا ہے، جو واقعے کے تمام پہلوؤں کا جائزہ لے گا۔

مسلح افواج کا اظہارِ افسوس

فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، نشانِ امتیاز (ملٹری)، ہلالِ جرات، چیف آف آرمی اسٹاف و چیف آف ڈیفنس اسٹاف، سروسز چیفس اور پاکستان کی مسلح افواج کے تمام افسران و جوانوں نے اس افسوسناک حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔

مزید پڑھیں:امریکا ایران معاہدہ طے پانے کے دن امریکی طیارہ گر کر تباہ

اپنے تعزیتی پیغام میں عسکری قیادت نے شہداء کے اہلِ خانہ سے دلی ہمدردی اور تعزیت کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ قوم اپنے بہادر سپوتوں کی قربانیوں کو ہمیشہ یاد رکھے گی۔

قوم شہداء کی قربانیوں کی مقروض

مسلح افواج نے اس عزم کا اعادہ کیا کہ وطن کے دفاع اور خدمت کے دوران جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والے شہداء کی قربانیاں ہمیشہ قوم کے لیے باعثِ فخر رہیں گی اور ان کی خدمات کو قدر و احترام کی نگاہ سے دیکھا جاتا رہے گا۔

Related Articles