پاکستان کی حالیہ سفارتی کامیابیوں نے عالمی سطح پر توجہ حاصل کر لی ہے، اور اب اس کے اثرات بھارتی میڈیا پر بھی دکھائی دینے لگے ہیں جہاں ماضی میں زیادہ تر پاکستان مخالف بیانیے کو ہی تقویت دی جاتی تھی۔ اب صورتحال میں تبدیلی آ رہی ہے اور ایسے بیانات بھی سامنے آ رہے ہیں جو پاکستان کے مثبت کردار کو اجاگر کر رہے ہیں۔
بھارتی ٹی وی چینلز پر عمومی طور پر پاکستان مخالف مؤقف رکھنے والے افراد کو ہی زیادہ نمائندگی دی جاتی رہی ہے، تاہم حالیہ پیش رفت کے بعد اب ایسے افراد کو بھی جگہ دی جا رہی ہے جو پاکستان کے حق میں بات کر رہے ہیں۔ اسی تناظر میں ایک اہم پیش رفت اس وقت سامنے آئی جب روسی صدارتی محل کریملن کے ترجمان دمتری پیسکوف نے ایک بھارتی ٹی وی چینل کو انٹرویو دیتے ہوئے پاکستان کی سفارتی کوششوں کو کھلے الفاظ میں سراہا۔
یہ بھی پڑھیں :روسی صدر پیوٹن کا ڈونلڈ ٹرمپ کو ایران کے ساتھ جنگ ختم کرنے کا مشورہ
انٹرویو کے دوران دمتری پیسکوف نے کہا کہ روس پاکستان کا بے حد شکر گزار ہے اور مذاکرات کے لیے سازگار ماحول اور فضا قائم کرنے میں اس کے کردار کو قدر کی نگاہ سے دیکھتا ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان نے حالیہ پیش رفت میں ایک اہم اور مثبت کردار ادا کیا، جس کے نتیجے میں فریقین کے درمیان اعتماد سازی ممکن ہوئی اور بات چیت کا راستہ ہموار ہوا۔
انہوں نے مزید کہا کہ ایسے پیچیدہ اور حساس معاملات میں کسی بھی ملک کا غیر جانبدار اور متوازن کردار نہایت اہمیت رکھتا ہے، اور پاکستان نے یہی کردار مؤثر انداز میں ادا کیا۔ ان کے مطابق، مذاکرات کے لیے سازگار ماحول کی تشکیل کسی ایک دن کا عمل نہیں بلکہ اس کے لیے مسلسل سفارتی رابطے، اعتماد سازی اور سنجیدہ کوششیں درکار ہوتی ہیں، جن میں پاکستان کی کاوشیں قابلِ ستائش ہیں۔کریملن کے ترجمان نے اس امید کا اظہار بھی کیا کہ پاکستان آئندہ بھی اسی طرح مثبت کردار ادا کرتا رہے گا اور خطے میں استحکام اور امن کے قیام کے لیے اپنی سفارتی کوششیں جاری رکھے گا۔

