گیس کی ممکنہ قلت کے پیشِ نظر پاکستان کا بڑا اقدام

گیس کی ممکنہ قلت کے پیشِ نظر پاکستان کا بڑا اقدام

پاکستان نے توانائی کی ضروریات پوری کرنے اور گیس کی مستحکم فراہمی یقینی بنانے کے لیے لیکویفائیڈ نیچرل گیس (ایل این جی) کے ایک اسپاٹ کارگو کی خریداری کا فیصلہ کرتے ہوئے نیا بین الاقوامی ٹینڈر جاری کر دیا ہے۔ ٹینڈر پاکستان ایل این جی لمیٹڈ (پی ایل ایل) کی جانب سے جاری کیا گیا ہے جو پٹرولیم ڈویژن کے تحت کام کرنے والی سرکاری کمپنی ہے۔

پی ایل ایل کے مطابق عالمی سطح پر ایل این جی سپلائرز اور تجارتی کمپنیوں سے 4 جون تک بولیاں طلب کی گئی ہیں جبکہ موصول ہونے والی پیشکشیں اسی روز کھولی جائیں گی۔ کمپنی حکام کا کہنا ہے کہ یہ ٹینڈر 6 سے 7 جون کے دوران ایل این جی کی سپلائی کے لیے جاری کیا گیا ہے تاکہ ملک میں گیس کی طلب اور رسد کے درمیان توازن برقرار رکھا جا سکے۔

توانائی کے شعبے سے وابستہ ماہرین کا کہنا ہے کہ موسم گرما کے دوران بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب اور صنعتی شعبے کی ضروریات کے باعث حکومت ایل این جی کی دستیابی کو یقینی بنانے کے لیے مختلف آپشنز پر کام کر رہی ہے۔ ان کے مطابق عالمی مارکیٹ میں ایل این جی کی قیمتوں میں اتار چڑھاؤ کے باوجود پاکستان بروقت خریداری کے ذریعے ممکنہ قلت سے بچنے کی کوشش کر رہا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:پیٹرول سستا کرنے ساتھ لائٹ ڈیزل سمیت تین پیٹرولیم مصنوعات مہنگی کر دی گئیں،نوٹفکیشن جاری

ذرائع کے مطابق حکومت اس وقت توانائی کے شعبے میں لاگت کو کم رکھنے اور صارفین کو مسلسل فراہمی یقینی بنانے کے لیے طویل المدتی معاہدوں کے ساتھ ساتھ اسپاٹ مارکیٹ سے بھی خریداری کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔ اسپاٹ کارگو کی خریداری سے فوری ضروریات پوری کرنے میں مدد ملتی ہے، خاص طور پر ایسے مواقع پر جب طلب میں اچانک اضافہ ہو جائے۔

 ایل این جی کی درآمدات پاکستان کے توانائی کے نظام کا اہم حصہ بن چکی ہیں اور بجلی گھروں صنعتوں اور گھریلو صارفین کی ضروریات پوری کرنے میں کلیدی کردار ادا کرتی ہیں۔ اسی لیے حکومت گیس کی فراہمی میں کسی ممکنہ تعطل سے بچنے کے لیے بروقت اقدامات کر رہی ہے۔

editor

Related Articles