بلوچستان میں پائیدار امن کے لئے سول و عسکری قیادت کے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، سرفراز بگٹی

بلوچستان میں پائیدار امن کے لئے سول و عسکری قیادت کے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، سرفراز بگٹی

سرفراز بگٹی نے کہا ہے کہ بلوچستان میں پائیدار امن کے قیام کے لیے سول اور عسکری قیادت کے مشترکہ اقدامات ناگزیر ہیں، جبکہ نوجوانوں کو قومی دھارے میں شامل کرنا وقت کی اہم ضرورت ہے،انہوں نے یہ بات پاکستان نیول وار کالج کے55 ویں تربیتی کورس کے شرکاء سے ملاقات کے دوران کہی۔

وزیراعلیٰ بلوچستان نے عالمی منظرنامے میں پاکستان کے قائدانہ کردار کو سراہتے ہوئے قومی و عسکری قیادت کو خراجِ تحسین پیش کیا۔ ان کا کہنا تھا کہ ریاستی پالیسیوں کا مرکز نوجوان ہیں اور انہیں مثبت سرگرمیوں میں شامل کرنا حکومت کی ترجیح ہے۔ انہوں نے واضح کیا کہ بلوچستان میں غیر متوازن ترقی کے باعث تشدد کا تاثر درست نہیں اور اس حوالے سے کئی غلط فہمیاں پھیلائی جا رہی ہیں۔
سرفراز بگٹی نے کہا کہ بعض عناصر بیرونِ ملک سے سوشل میڈیا کے ذریعے بلوچستان کے نوجوانوں کی منفی ذہن سازی میں مصروف ہیں تاکہ ریاست کو غیر مستحکم کیا جا سکے۔ انہوں نے اس عزم کا اظہار کیا کہ دہشت گردی کے خلاف جنگ کو بلوچستان حکومت نے پوری ذمہ داری کے ساتھ اپنے دائرہ کار میں لیا ہے اور اس سلسلے میں عملی اقدامات جاری ہیں۔

یہ بھی پڑھیں :بلوچ قوم کولاحاصل جنگ کی طرف دھکیلنےنہیں دیں گے: سرفراز بگٹی

انہوں نے بتایا کہ بلوچستان پولیس کی استعداد کار بڑھانے کے لیے چالیس ارب روپے فراہم کیے جا رہے ہیں، جبکہ محکمہ انسدادِ دہشت گردی کے لیے مزید دس ارب روپے مختص کیے گئے ہیں تاکہ امن و امان کی صورتحال کو مؤثر انداز میں بہتر بنایا جا سکے۔

وزیراعلیٰ نے کہا کہ نوجوانوں اور ریاست کے درمیان فاصلے کم کرنے کے لیے میرٹ اور مکالمے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ  ہر جامعہ اور مختلف فورمز پر نوجوانوں کو سنا جا رہا ہے، جبکہ بلوچستان کی پہلی یوتھ پالیسی بھی متعارف کرا دی گئی ہے تاکہ نوجوانوں کو ترقی کے یکساں مواقع فراہم کیے جا سکیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ نوجوان جو حکومت سے شکوے رکھتے ہیں، انہیں ساتھ لے کر چلنے کی کوشش کی جائے گی، تاہم ریاست کے خلاف ہتھیار اٹھانے والوں کے ساتھ کوئی نرمی نہیں برتی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ مؤثر حکمت عملی، میرٹ پر مبنی نظام اور نوجوانوں کے ساتھ مسلسل مکالمہ ہی بلوچستان میں پائیدار امن کی ضمانت ہے، اور ریاست کو غیر مستحکم کرنے کی ہر سازش کو ناکام بنایا جائے گا۔

editor

Related Articles

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *