مائیکروسافٹ نے اپنی ای میل سروس سے متعلق ایک اہم اعلان کرتے ہوئے لاکھوں صارفین کے زیرِ استعمال آؤٹ لک لائٹ کو بند کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے، جس کے بعد صارفین کو متبادل پلیٹ فارم پر منتقل ہونا ہوگا۔
کمپنی کے مطابق25 مئی2026سے اینڈرائیڈ صارفین آؤٹ لک لائٹ ایپ استعمال نہیں کر سکیں گے،اس تاریخ کے بعد تقریباً چھ ہفتوں کے اندر صارفین کی میل باکس تک مکمل رسائی بھی ختم کر دی جائے گی، جس کے نتیجے میں یہ ایپ عملی طور پر غیر فعال ہو جائے گی۔
مائیکروسافٹ نے اپنے ہدایت نامے میں واضح کیا ہے کہ وہ تمام صارفین جو اس وقت آؤٹ لک لائٹ استعمال کر رہے ہیں، وہ آخری تاریخ سے قبل آؤٹ لک موبائل پر منتقل ہو جائیں تاکہ ان کی ای میلز اور دیگر اہم معلومات محفوظ رہ سکیں۔
کمپنی کے مطابق آؤٹ لک لائٹ کے ریٹائر ہونے کے بعد اگرچہ صارفین اپنے موبائل میں ایپ کو کھول سکیں گے، تاہم وہ کسی بھی عملی کام کے لیے قابلِ استعمال نہیں ہوگی، اس کا مطلب یہ ہے کہ نہ ای میل بھیجی جا سکے گی اور نہ ہی وصول یا دیکھی جا سکے گی۔
یہ اقدام کمپنی کی جانب سے اپنی سروسز کو یکجا کرنے اور صارفین کو بہتر اور جدید سہولیات فراہم کرنے کی حکمت عملی کا حصہ ہے، جس کے تحت ایک ہی پلیٹ فارم پر زیادہ مؤثر اور محفوظ تجربہ فراہم کیا جائے گا۔