گزشتہ دنوں ہونے والی بارشوں کے باعث پاکستان کے بالائی علاقوں سمیت وسطی اور جنوبی پنجاب میں درجہ حرارت میں نمایاں کمی دیکھنے میں آئی تھی اور موسم خوشگوار ہو گیا تھا تاہم محکمہ موسمیات کے مطابق اب بارشوں کا سلسلہ ختم ہو چکا ہے جس کے بعد گرمی کی شدت میں بتدریج اضافہ ریکارڈ کیا جا رہا ہے۔
وسطی اور جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں درجہ حرارت 35 سے 40 ڈگری سینٹی گریڈ تک پہنچ چکا ہے سورج کی تپش میں تیزی آ گئی ہے جس سے گرمی کی شدت مزید بڑھ رہی ہے۔اور آئندہ آنے والے دنوں میں گرمی کی شدت میں مزید اضافے کا امکان ہے۔
محکمہ موسمیات کے مطابق آئندہ چند دن بلوچستان ،سندھ اور پنجاب کے اکثر علاقوں میں گرمی کی شدت بڑھ جائیگی جس سے درجہ حرارت 40ڈگری سے اوپر بھی جانے کا امکان ہے
دوسری جانب بارشوں کے باعث جن علاقوں میں گندم کی کٹائی کا عمل متاثر ہوا تھا وہاں اب موسم صاف ہونے کے بعد کٹائی کا سلسلہ دوبارہ شروع ہو گیا ہے اور کاشتکار تیزی سے فصل سمیٹنے میں مصروف ہیں۔
اگر گرمی کی یہ لہر برقرار رہی تو بجلی کی طلب میں مزید اضافہ ہو سکتا ہے۔ ادھر بجلی کی پیداوار میں کمی کے باعث لوڈشیڈنگ بڑھنے کا خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے، جس سے شہریوں کو اضافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔